• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی یونیورسٹی آف مزوری کی ڈاکٹر ویلیریا فائفر نے ’’تھنک ٹاک ود ظفر‘‘ میں زیف سید سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 2005ءمیں ایک عام آدمی دن بھر میں سولہ ہزار کے قریب الفاظ بولتا تھا۔ 2019ءتک یہ تعداد ساڑھے بارہ ہزار کے آس پاس رہ گئی۔ ہر برس تین سو اڑتیس الفاظ کم ہوئے۔پچیس برس سے کم عمر والوں کا حساب اور بھی تیز ہے، انکے الفاظ میں سالانہ ساڑھے چار سو کی کمی آ رہی ہے۔ ڈاکٹر صاحبہ خدا جانے اس خاموشی پر کیوں فکر مند ہورہی ہیں۔لوگ خاموش ہونا بھی تو چاہ رہے ہیں۔گوتم بدھ نے زندگی بھر کا یہی نچوڑ نکالا تھا کہ خاموش رہو۔اس خاموشی کی مانگ میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔بدھ مت اس وقت دنیا کا سب سے تیزی سے پھیلنے والا مذہب بن گیا ہے۔جو اس مذہب میں بطور مذہب دلچسپی نہیں لے رہا وہ بھی آلتی پالتی مارکر اسی کی مشقوں سے بندھا ہوا ہے۔ری ٹریٹس، میڈی ٹیشن اور یوگا وغیرہ کیا ہے۔ یہ سب گوتم بدھ کے کمل آسن کا ہی تو پھیلائو ہے۔یہ پھیلائو اب اربوں ڈالرز کی انڈسٹری بن چکا ہے۔یعنی دنیا لاکھوں روپے صرف خود کو خاموش کروانے پرلگا رہی ہے۔جہاں لوگ اپنی خاموشی پر خود انویسٹ نہیں کر رہے وہاں ریاستیں سرمایہ لگا رہی ہیں۔ریاستیں خاموشی کی اہمیت کو پہلے سے زیادہ سمجھ رہی ہیں۔ڈاکٹر صاحبہ کو الفاظ کی کمی پر تشویش ہورہی ہے جبکہ جارج آرویل کے مشہور ناول 1984ءکے کردار سائم ایسی لغت متعارف کروانا چاہتا تھا جس کے الفاظ ہر سال گھٹتے ہوں۔سائم کا تعلق وزارت سچائی کیساتھ تھا۔وہ سمجھتا تھا الفاظ جتنے کم ہونگے خیالات اتنے ہی کم جنم لیں گے۔خیالات کم ہونگے تو بغاوت کا امکان بھی کم ہوگا۔ایک دن آئیگا جب خاموشی راج کرےگی اور جرم اپنی موت آپ مر جائیگا۔ایسی لغت ایجاد کرنے پر ہمارے ہاں بھی مسلسل کام ہو رہا ہے۔با الفاظ دیگر، خاموشی سکھانے پر کام ہورہا ہے۔مگر ہمارے ہاں کچھ لوگ بولنے کے بہت شوقین ہیں۔انہیں چپ کروائو تو خون دل میں انگلیاں ڈبولیتے ہیں یا پھرحلقہ زنجیر میں زبان رکھ دیتے ہیں۔پتہ نہیں کیا کیا کرتے رہتے ہیں۔ایسے لوگوں کیلئے پھر لغت کی جگہ قوانین متعارف کروانے پڑتے ہیں۔پہلے قوانین ان لوگوں کیلئے بنتے تھے جو اونچا بولتے تھے یا بے ڈھنگا بولتے تھے۔اب چونکہ خاموشی کی اہمیت بڑھ گئی ہے، اسلئے اب جو دھیمے سروں میں بول رہے ہیں ان کو بھی دہی روٹی پکڑا کر نروان کیلئے چھائوں میں بٹھانے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ظاہر ہے ڈاکٹر فائفر اس خاموشی کی بات نہیں کر رہیں جسکی بات گوتم بدھ نے کی تھی۔کیونکہ وہ خاموشی اندر سے پھوٹتی ہے۔وہ اس خاموشی کی بات بھی نہیں کر رہیں جو جارج آرویل کے ناول میں پیدا ہورہی ہے۔ کیونکہ وہ خاموشی اوپر سے مسلط کی جاتی ہے۔وہ اس خاموشی کی بات کر رہی ہیں جو ہتھیلی پر رکھی ایک چمکتی اسکرین سے پھوٹ رہی ہے۔مگر کیا انسان واقعی خاموش ہے؟ نہیں۔ زبان خاموش ہے انسان خاموش نہیں ہے۔اسکرین پر مسلسل شور ہے۔یہ شور اسی خاموش انسان کا برپا کردہ ہے جسکی ہتھیلی چمک رہی ہے۔زبان کا استعمال کم ہوگیا ہوگا، الفاظ کا استعمال ہر گز کم نہیں ہوا۔لوگ بولے جارہے ہیں اور بے مقصد بولے جارہے ہیں۔عالم یہ ہے کہ انسان اب ایلگو کے قبضے میں آچکا ہے۔اس نے اب لازم کچھ کہنا ہوتا ہے۔ اسے لگتا ہے کہ میں نہیں بولوں گا تو پیچھے رہ جائوں گا۔اسے کچھ اسلئے بھی بولنا ہے کہ اسکے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس اسکو پہچاننے سے انکار نہ کر دیں۔ریچ کی کمی اس وقت صارف کیلئے آئرن کی کمی سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔خاموشی کے بارے میں نہیں، دنیا کو الفاظ کی آلودگی کے بارے میں فکر مند ہونا چاہیے۔الگوردھم ایک جبر ہے۔وہ ہماری رضامندی پر قابض ہوچکا ہے۔اس کے خلاف ایسی کوئی مہم چلنی چاہیے جو بلا وجہ بولے جانے کے اس عمل کو کسی جگہ روک سکے۔مسلسل اور بے مقصد بولے جانے کے اس عمل نے ماحولیاتی مسائل پیدا کر دیے ہیں۔ ہاں ڈاکٹر فائفر جس چیز کیلئے فکر مند ہیں، اسے اگر لاتعلقی اور بیگانگی کہا جائے تو سمجھ آتا ہے۔کوئی شک نہیں کہ بےگانگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ساتھ بیٹھا ہوا شخص بھی ساتھ نہیں ہے۔جو موجود ہے وہ دور ایک خیالی دنیا میں موجود ہے، اور وہ سوشل میڈیا کی ہی دنیا ہے۔ہر دوسرا شخص خود کو لاتعلق محسوس کرتا ہے۔ وجہ کیا ہے۔ہر معاملے کو موبائل اورانٹرنیٹ کے سر ہم اسلئے منڈھ دیتے ہیں کہ ہم کچھ حقیقتوں کا اعتراف نہیں کرنا چاہتے۔ہمارے ہاں جو خاموشیاں در آئی ہیں اس کو ماپنے کیلئے ڈاکٹر فائفر کا لگایا ہوا آلہ ناکافی ہے۔انہوں نے یہ جانچنے کیلئے آلہ لگایا تھا کہ لوگ کتنا بول رہے ہیں۔ہمارا معاملہ سمجھنے کیلئے انہیں ایک اور آلہ لگانا ہوگا جو یہ جان سکے کہ لوگ کتنا سن رہے ہیں۔ہمارے ہاں بحران نہ بولنے کا نہیں ہے۔ہمارا بحران نہ سننے کا ہے۔ہر شخص بولنا چاہتا ہے، سننا کوئی نہیں چاہتا۔ نئی نسل میں ایک بات میں نے کامن دیکھی ہے یہ اپنے آپ سے جھوٹ نہیں بولتی۔جو لوگ خود سے جھوٹ نہیں بولتے ان کو ڈیل کرنا ہر ہُما شُما کا کام نہیں ہوتا۔کہنے کے لیے جتنا کچھ اس نسل کے پاس ہے کسی کے پاس نہیں ہے۔جتنا یہ بولنا چاہتے ہیں کوئی نہیں چاہتا۔وہ بات کرنا چاہتے ہیں مگر سوال وہی ہے، آدمی کس سے مگر بات کرے۔اپنا کہا ہوا میز پہ رکھ دیں تو والدین ذہنی اذیت میں مبتلا ہوجائیں۔یہ جو ہمارے ساتھ گھروں میں بیٹھے ہیں یہ ہم سے بہت دوری پرجا چکے ہیں۔یہ ہماری زندگیاں دیکھ کر حیران ہیں کہ یہ سوچتے کیسے ہیں اور جیتے کیسے ہیں۔ان دونوں سوالوں کے ہمارے پاس جوابات ہوں گے مگر یہ جوابات انکے فہم کیلئے ناکافی ہوگئے ہیں۔دنیا چپ ہو رہی ہے کیونکہ لوگ بات نہیں کر رہے۔ہمارے ہاں لوگ چپ ہورہے ہیں کیونکہ کوئی سن نہیں رہا۔

تازہ ترین