ہر دور حکومت میں اکثر بالائی اور نچلی سطح پر حکومتی اکابرین یہ دعویٰ کرتے سنے گئےہیں کہ وطن عزیز پاکستان قدرتی وسائل اور زیر زمین معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے جس سے استفادہ کر کے ہم نہ صرف آئی ایم ایف کی محتاجی سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں بلکہ ملک میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز بھی کر سکتے ہیں ۔ابھی حال ہی میں ایک مرتبہ پھراس سے ملتے جلتےخیالات کا اظہار بعض حکومتی اکابرین نے اسلام آباد میں منعقدہ تیسرے ’’ بین الاقوامی منرلز انوسٹمنٹ فورم‘‘ میں ایک اجلاس کے دوران کیا جو 14 نومبر کو اختتام پزیر ہوا ۔جسے پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم 2026( پی ایم آئی ایف ۔26) کا نام دیا گیا تھا ۔ اس کانفرنس میں 60 سےزیادہ ممالک کے مندوبین نے شرکت کی ۔قومی اور بین الاقوامی سطح پر معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے اسطرح کی باقاعدہ کانفرنسز کا سلسلہ سن 2023سے شروع ہوا تھا ۔
پاکستان میں اب تک اس سلسلے کی تین بین الاقوامی کانفرنسز کاانعقاداس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان بعض نایاب معدنیات سمیت مختلف اقسام کی 92 معدنیات سے مالامال ایک زرخیز خطہ ہے ۔ شاید اس حقیقت سے بہت کم لوگ آگاہ ہوں گے کہ پاکستان کو معدنیات کے شعبے میں جو بات دیگر ممالک سے ممتاز کرتی ہے وہ اسکی اسٹرٹیجک صورت حال ہے لیکن اس سے بھی بڑھ کر پاکستان کو قدرت کی طرف سے عطا کردہ نایاب معدنیات سے مالا مال ٹیتھیان میٹالوجینک بیلٹ ( Tethyan Metallogenic (Belt کا تحفہ ہے جو دنیا کی سب سے بڑی اور معدنی دولت سے مالا مال ارضیاتی پٹیوں میں سے ایک ہے ۔
یہ پٹی سونا، تانبا اور متعدد نایاب معدنیات کے وسیع ذخائر کی عالمی شہرت رکھتی ہے ۔ 10000 کلومیٹر طویل یہ پٹی مغربی یورپ اور شمالی افریقہ سے شروع ہو کر ترکی ،ایران پاکستان ( بالخصوص بلوچستان ) اور ہمالیہ سے ہوتی ہوئی جنوب مشرقی ایشیااور بحرالکاہل تک پھیلی ہوئی ہے ۔ واضح رہے ریکوڈک اور سینڈک کے سونے اور تانبے کے عظیم ذخائر بھی اسی طویل پٹی کاحصہ ہیں ۔اس میں تو کوئی دورائے نہیں کہ پاکستان دنیا میں معدنیات کی دولت سے مالا مال ایک نمایاں خطہ ہے جس میںسونا ، چاندی ، تانبا ،کوئلہ ،پہاڑی نمک ،خام لوہا ،کرومائٹ ،جپسم ،چونے کا پتھر ،سیسہ ، جست ، سنگ مرمر ، گرینائٹ ، قیمتی پتھر زمرد ،یاقوت پکھراج وغیرہ شامل ہیں ۔ اس کا اندازہ ان سرکاری اعدادو شمار سے بھی باآسانی لگایا جا سکتا ہے جس کے مطابق بلوچستان میں 6.5ارب ٹن تانبہ ،کرومائیٹ ، بیرئیٹ اور چونے کا پتھر موجود ہے جبکہ صرف ریکو ڈیک اور سینڈک میں سونے اور تانبے کے5.5 ارب ٹن ذخائر پائے جاتے ہیں ۔ماہرین کے مطابق پاکستان صرف ان مقامات سے سالانہ چار لاکھ ٹن تانبہ اور پانچ لاکھ اونس سونا حاصل کر سکتا ہے ۔ جبکہ سندھ تھر کول میں 185ارب ٹن کوئلے کے ذخائر اسکے علاوہ ہیں ۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواکے شمالی پہاڑی علاقوں میں لیتھیم کے شواہد بھی ملے ہیں جو الیکٹرک گاڑیوں ، موبائل فونز ، جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور ونڈ ٹربائنز میں استعمال ہوتی ہے ۔صرف یہی نہیں بلکہ خیبر پختونخوامیں عقیق زمرد جیسے قیمتی پتھر بھی موجودہیں ۔ پنجاب میں سلیکا ، راک سالٹ اور لوہا کے وافر ذخائر موجود ہیں جو صنعتی ترقی کے لئے اہم ہیں ۔ اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سونا ،مولیبڈینم اور معیاری چونا پتھر کے وسیع ذخائر ہیں ۔مختلف ارضیاتی سروے اور سائنسی رپورٹس کے مطابق دنیا کے کل دریافت شدہ 17رئیر ارتھ ایلیمنٹس میں سے کم ازکم 12عناصر پاکستان میں پائے جاتے ہیں ۔
جس سے یہ اندازہ کر لینے میں کوئی دو رائے نہیںہونی چاہئے کہ پاکستان بلاشبہ دنیا میں قیمتی اور نایاب معدنیات سے مالا مال ایک زرخیز معدنی خطہ ہے ۔جبکہ او جی ڈی سی ایل اور آئی سی ایم پی (انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹس آف پاکستان ) کی رپورٹس کے مطابق پاکستان میں 92 معدنیات دریافت ہو چکی ہیں جنکی مالیت 6 سے 8 ٹریلین ڈالر ہے ۔
پی ایم آئی ایف26کانفرنس میں پاکستان کے حوالے سے مقررین نے بتایا کہ کس قدر دکھ کی بات ہے کہ کھربوں ڈالر مالیت کی معدنی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود پاکستان کا کان کنی کا شعبہ ملکی جی ڈی پی میں 3 فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہےجو اسکی کل عالمی برآمدات کا محض 0. 1فیصد بنتا ہے ۔ جبکہ اس بیلٹ کی ترقی سے سالانہ معدنی برآمدات 3 ارب ڈالر سے بڑھ کر 8ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں ۔بعض حکام کا یہ بیان کہ پاکستان اپنے کل معدنی ذخائر کاصرف 5 فیصد حصہ ہی تاحال کھوج سکا ہے ۔ اگر یہ بیان حقیقت پر مبنی ہے تو اسے ایک قومی المیہ ہی تصور کیا جائے گا ۔
دوسری طرف اکثر ماہرین ملک میں جدید ڈرلنگ اور جیو کیمیکل سروے کی عدم دستیابی کو ہی اس سلسلے کی ایک بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہیں ۔ماہرین نے یہ توقع بھی ظاہر کی ہے کہ پاکستان کے معدنی وسائل اس قدر زیادہ ہیں کہ صرف ریکوڈک سے ہی چند دہائیوں تک اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان کو یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ وہ خام معدنیات برآمد کرنے کی بجائے ملک کے اندر ریفائننگ اور پروسسنگ یونٹ لگائے جس سے اس کو کئی گنا زیادہ منافع مل سکتا ہے ۔
اسکے لئے اسے چاغی تا گوادر ایکسپورٹ کوریڈور کے تحت شمالی علاقہ جات میں سڑکوں اور توانائی کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنا ہو گا ۔اس کے ساتھ ساتھ اسے ملک میں جدید لیبارٹریز اور تکنیکی ماہروں کی شدید قلت سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹنا ہو گا ۔ جس کیلئے اسے رئیر ارتھ کیمسٹری اور میٹلرجی علوم کےماہر سائنس دان تیار کرنےکیلئے یونیورسٹی سطح پر بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ علوم کا اہتمام کرنا ہو گا۔