کراچی(اسٹاف رپورٹر) باکسنگ کے فروغ کے لئے تمام تر سہولیات سے آراستہ جمنازیم تعمیر کرائیں گے، اس بات کا اعلان سردار محمد بخش مہر نے جشن آزادی باکسنگ ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کے موقع پر کیا۔ ٹورنامنٹ میں سندھ کے سات ڈسٹرکٹس کراچی سینٹرل، ویسٹ، سائوتھ، حیدر آباد، میرپور خاص، سکھر اور لاڑکانہ سے ریکارڈ310 باکسرز نے حصہ لیا محکمہ کھیل کی جانب سے پہلی بار اتنے بڑے ایونٹ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ اس موقع پر خواتین باکسر نے بھی نمائشی مقابلوں میں حصہ لیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر کھیل سردار بخش مہر نے سیکریٹری اسپورٹس محمد راشد کے ہمراہ فاتح باکسرز میں سرٹیفکیٹ، ٹرافیز اور نقد انعامات کئے۔ دریں اثناء سیکریڑی جنرل کراچی ایتھلیٹکس ایسو سی ایشن و فوکل پرسن فاسٹیسٹ مین و ویمنز پاکستان گوہر رضا، وائس پریذیڈنٹ مہہ جبین شعیب، خزانچی محمد رفیع اور ایگزیکٹیو ممبر نازیہ نعیم نےصوبائی وزیر کھیل محمد بخش خان مہر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ گوہر رضا نے انہیں بتایا کہ اب تک تین بڑے شہروں میں مقابلے منعقد کیے جاچکے ہیں اور اگست کے اختتام و ستمبرکے شروع میں لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد اور پشاور میں بھی مقابلے کرائے جائیں گے۔محمد بخش خان مہر نے انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے لیے اپنی پوری مدد کا اعادہ کیا۔