پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزے سے استثنیٰ کا معاہدہ طے پا گیا
وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پرتگال کے وزیرِ خارجہ پاؤلو رئنجل کا خیر مقدم کر کے اچھا لگا رہا ہے۔
انہوں نے پرتگالی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پرتگال کو دوطرفہ پارٹنر کے طور پر اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے خطے اور عالمی صورتِ حال پر بات چیت کی، ہم نے قابل تجدید توانائی اور دیگر شعبوں پر بات کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اصل حجم سے کم ہے، میں پرتگال کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، دونوں ممالک کے درمیان جوائنٹ بزنس فورم پر کام کیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم نے ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کے ویزے کے لیے ایم او یو پر دستخط کیے، پرتگال کے وزیرِ زراعت و میری ٹائم بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔
پاکستانی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم نے خطے اور عالمی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا، میں نے سفارت کاری اور عالمی قانون پر بات کی، میں نے فلسطین کی صورتِ حال پر بات کی اور پاکستان کا مؤقف واضح کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جموں و کمشیر کے معاملے پر پاکستان کی پوزیشن کو واضح کیا، افغانستان کے معاملے پر بھی ہماری گفتگو ہوئی، افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔