پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام براہِ راست عوامی سہولت سے جڑا ہے اور اس کا تعلق بہتر طرزِ حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملک کے مستقبل سے بھی ہے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی جس میں ملکی مجموعی صورتِ حال، امن و امان کے قیام کے لیے حکومتی اقدامات اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ انتظامی اکائیوں کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے، پاکستان کے سب سے بڑے شراکت دار عام شہری ہیں، اگر آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا گیا تو آنے والا کل ہمیں معاف نہیں کرے گا۔
دوسری جانب وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عوام کی منشا کے مطابق تمام فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات سے بھی چوہدری شجاعت حسین کو آگاہ کیا۔