پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی ترمیم ضروری ہے، ریفرنڈم آئینی ترمیم کا متبادل نہیں ہو سکتا۔
پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہے، صوبوں کی حدود میں تبدیلی کے لیے بھی آئینی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ انتہائی حساس ہے، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا اور اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے، حکومت کی مجوزہ آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف اپنا مؤقف دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم پر سیاسی اور قانونی کمیٹیاں مشاورت کریں گی، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن اتحاد سے بھی بات چیت کی جائے گی، بانئ پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ذاتی سیاسی مفادات کے لیے عدلیہ کو کمزور نہیں کرنا چاہیے، محسن نقوی سے نئے صوبوں کے معاملے پر تحریک انصاف کی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی میں سیاسی رہنماؤں سے محسن نقوی کی ملاقاتوں کے مقاصد سے آگاہ ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پوری جماعت کو بانیٔ اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تشویش ہے، بانئ پی ٹی آئی کی صحت کا معاملہ سیاست نہیں بلکہ بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد کیا جائے اور بانئ پی ٹی آئی کا علاج قائم کردہ میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں کروایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے اہل خانہ اور ذاتی معالجین کو علاج کے حوالے سے مطمئن کیا جائے اور انہیں ذاتی ڈاکٹروں کی نگرانی میں مکمل طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر سے متعلق رپورٹس تشویش کا باعث ہیں، اس لیے ان کی صحت کے حوالے سے مستند میڈیکل رپورٹس سامنے آنی چاہئیں، چیف جسٹس سے ملاقات میں بھی سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کی درخواست کی تھی۔