نیویارک ( جنگ نیوز) یو ایس اوپن 2016 کا پیر سے آغاز ہوگا ۔ منتظمین میگا ایونٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب چیمپئن شپ کی سیڈنگز جاری کردی گئی ہیں۔ سنگلز کی رینکنگ میں عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ پہلے اور نمبر دو برطانیہ کے اینڈی مرے دوسرے نمبر پر ہیں، خواتین میں امریکا کی سرینا ولیمز ٹاپ سیڈ ہوں گی۔ عالمی نمبر دو مرے رواں برس تینوں گرینڈ سلم کے فائنل میں پہنچے ،جبکہ گزشتہ ماہ ہونے والے ومبلڈن ٹینس کا ٹائٹل دوسری بار اپنے نام کر چکے ہیں ۔خواتین کی سنگلز رینکنگ میں سیرینا ولیمزپہلے نمبر پر ہیں۔یو ایس اوپن سے قبل جاری ہونے والی مینز سنگلز کی فہرست میں نوواک جوکووچ پہلے ،اینڈی مرے دوسرے ،اسٹین واورینکا تیسرے ، اسپین کے رافیل نڈال چوتھے ، کینیڈا کے مائلوس رائونک پانچویں ،جاپان سے تعلق رکھنے والے کائی نیشکوری چھٹے ،مارین سلچ ساتویں ،ڈومینک تھائم آٹھویں جوولفریڈ سونگا نویں اور دسویں نمبر پر فرانس کے کھلاڑی گائیل مونفلس ہیں ۔ دوسری جانب خواتین کی سنگلز فہرست میں سیرینا ولیمز پہلے ، جرمنی کی اینجلیک کربر دوسرے ، گاربائن مگوروزاتیسرے ، ایگنسکا راڈونسکا چوتھے ، روم کی سیمونا ہالیپ پانچویں ، وینس ولیمز چھٹے ، اٹلی کی روبرٹاونسی ساتویں ، امریکا کی میڈیس کیزآٹھویں جبکہ روس کی سیویٹلانی کزنٹسووا اورجمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر ہیں ۔ امریکی اسٹار سرینا کیلیے جاری سیزن زیادہ اچھا نہیں گذرا، وہ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں جرمن اسٹار اینجلک کربر کے ہاتھوں شکست کھاگئی تھیں، اولمپکس میں انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ سنسناتی اوپن سے وہ دستبردار ہوگئی تھیں۔سرینا کیریئر میں 21 گرینڈ سلم جیت چکی ہیں۔انہیں اسٹیفی گراف کا 22 ٹائٹلز کا عالمی ریکارڈ برابر کرنے کیلئے ایک فتح کی ضرورت ہے لیکن کندھے کی انجری سے کافی پریشان ہیں ۔ اگر وہ یوایس اوپن میں کامیاب نہ ہوسکیں تو عالمی رینکنگ میں ان کی ٹاپ پوزیشن چھن جانے کا خطرہ موجود ہے۔