لندن(جنگ نیوز)پاک سر زمین پارٹی یوکے نے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور اس کے اداروں کے خلاف نازیبا الزامات کے بعد حکومت برطانیہ انہیں ملک بدر کر کے پاکستان کے حوالے کرے۔ پارٹی کے رہنمائوں نے یہ مطالبہ مشرقی لندن میں منعقد ہ پارٹی کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر متحدہ کے سابق رکن صوبائی اسمبلی خلیل اللہ صابر نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ پاک سرزمین پارٹی یوکے کے چیف آرگنائزر محمد رضا نے حکومت برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایم کیو ایم کے قائد کی پاکستان کے خلاف منفی سرگرمیوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کا قیادت سنبھالنا محض دھوکہ ہے اور پارٹی کی قیادت بدستور لندن سے ہی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ کے قائد کی ملک دشمن تقریر کے خلاف اتوار کو وزیراعظم برطانیہ کی رہائش گاہ 10ڈائوننگ سٹریٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ پاک سرزمین پارٹی نے عوام کو شعور فراہم کیا ہے اور عوام نے شعور کا اظہار کرتے ہوئے کسی احتجاج میں حصہ نہیں لیا۔ متحدہ کراچی میں اپنے مینڈیٹ سے محروم ہو چکی ہے۔ ورنہ وہ کراچی کوبند کرا دیتی، پاک سرزمین پارٹی نے جو محنت کی تھی وہ رنگ لا رہی ہے۔ پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے متحدہ کے سابق رہنما خلیل اللہ صابر نے کہا کہ انہیں ان کے بھائی کی شہادت کے بعد متحدہ نے صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دیا تھا لیکن مجھے بعد میں احساس ہوا کہ متحدہ کارکنوں کی شہادتوں کو کیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد نے جو گھٹیا زبان استعمال کی وہ مہاجر قوم کی روایت نہیں۔مہاجر تو انتہائی تہذیب یافتہ اور دوسروں کی عزت کرنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاک سرزمین پارٹی کے پلیٹ فارم سے ملک کی تمام اکائیوں کو تعصب اور غنڈہ گردی کی سیاست کے خلاف متحد کرینگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متحدہ کے قائد عام حالات میں بھی ایسی نازیبا گفتگو کیا کرتے تھے اورپارٹی کے رہنما انہیں سمجھانے کی کوشش بھی کیا کرتے تھے۔ جس کے بعد میں نے حالات کو دیکھتے ہوئے پارٹی سے دوری اختیار کرلی تھی۔ انہوں نے کہا کہ لندن پولیس ڈاکٹر عمران فاروق کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کوششیں کر رہی ہے اور توقع ہے کہ قاتل جلد گرفتار ہوں گے۔پارٹی کے برطانیہ میں صدر محمد الطاف شاہد نے کہا کہ متحدہ کے قائد اس سے قبل بھی عوام کو تشدد پر اکسانے کی کوشش کر چکے ہیں اب ان کی کوئی معافی قابل قبول نہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔ غلام نبی عامر نے کہا کہ متحدہ کی نئی قیادت میں ناقابل اعتبار ہے۔ خرم کیانی نے کہا کہ متحدہ کا موجودہ ڈرامہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش بھی ہو سکتا ہے۔ ارشد صدیق نے مطالبہ کیا کہ ملک دشمن سرگرمیوں کے سبب متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی لگائی جائے اور انکے تمام دفتر کو مستقل بند کر دیا جائے۔ریحان آرائیں نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنی آنکھیں کھولیں اور پاکستان کو بچانے والوں کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر مرزا فیصل، چوہدری پرویز اختر، نعیم عباس خان، محمد نعمان اور فرمان راجہ نے بھی اظہار خیال کیا۔