گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)گوجرانوالہ میں گیپکو ملازمین نے ساتویں روز بھی پرائیویٹ چیف ایگزیکٹو تعینات کرنے کے فیصلے کیخلاف مکمل ہڑتال کی گیپکو ہیڈ کوارٹر میں ملازمین نے احتجاجی دھرنا دیا جبکہ گیپکو کے تمام دفاتر کی تالہ بندی کی گئی جسکی وجہ سے گیپکو کا انتظامی نظام مفلوج ہو کر رہ گیا گیپکو یونین نے گیپکو ہیڈ کوارٹر کے مرکزی دروازے کو بھی تالے لگا دیئے جبکہ ساتویں روز بھی دفاتر کی تالہ بند ی ہونے سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ادھر نوازلیگ کے رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود بھی گیپکو کے احتجاجی ملازمین کے پاس گئے اور انہیں اپنی حمایت کی یقین دھانی کروائی اس موقع پر ہڑتالی ملازمین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود نے کہا کہ گیپکو میں نیب زدہ پرائیویٹ چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی منظورنہیں اس تعیناتی کیخلاف وہ قومی اسمبلی میں آواز بلند کریں گے،ہڑتالی ملازمین کے اجتماع سے واپڈا یونین کے صدر اقبال ڈار ، جنرل سیکرٹری ولی الرحمن خان اور گیپکو انجینئر ایسوسی ایشن کے صدر فیصل نفیس نے بھی خطاب کیا۔