اسلام کوٹ(رپورٹ:عبدالغنی بجیر)پاکستانی نژادبرطانوی باکسر عامر خان دوبارہ تھر پہنچ گئے جہاں انہوں نے بڑے پیمانے پر فلاحی کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق برطانوی باکسر عامر خان اپنی اہلیہ فریال مخدوم کے ساتھ دس دنوں کے بعد دوبارہ تھر پہنچ گئے ۔جہاں پر انہوں نے تھر میں لگے فلٹریشن پلانٹس ،اور مختلف دیہاتوں میں تھری رہن سہن اور حالات کا جائزہ لیا ۔گاؤں ویراواھ اور گودھیار سمیت دیگر دیہاتوں کے دورے کے دوران عامر خان نے کہا کہ تھر میں صحت ،پانی اور تعلیم سب سے بڑے مسائل ہیں ۔وفاقی حکومت کو چاہئے کہ سندھ حکومت کے ساتھ ملکر تھر کے مسائل کے حل کے لیے کام کرے ۔میں دوبارہ اس لیئے تھر آیا ہوں کہ تھر کے مسائل کا حل سمجھ چکا ہوں ۔میں اپنی عامر ٹرسٹ کی جانب سے تھر ی باشندوں کے لیئے ایک جدید اسپتال جلد تعمیر کراؤں گا۔اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کروں گا۔اور تعلیم کو عام کرنے کے لیئے اسکول بھی قائم کئے جائیں گے۔تھر میں بھوک کی وجہ سے معصوم بچوں کی موت کا سن کر بڑا دکھ پہنچا ہے۔میں نے تھر کے لوگوں سے ملاقاتیں کر کے مسائل معلوم کئے جو حل کئے جا سکتے ہیں ۔ان دنوں بارشوں کی وجہ سے تھر سر سبز ہے ۔دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے ۔مگر پانی ،تعلیم اور صحت جیسے مسائل پر کام کرنے کی شدید ضرورت ہے۔