سکھر (بیورو رپورٹ) دو مختلف تھانوں کی حدود میں پولیس مقابلوں کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا، 4ڈاکو فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے پولیس پارٹیاں روانہ کردی گئی ہیں، پولیس ترجمان کے مطابق پہلا مقابلہ تھانہ جھانگڑو کی حدود میں قومی شاہراہ کے نزدیک جبکہ دوسرا پولیس مقابلہ جاڑی ماں کے علاقے میں ہوا ، مقابلے میں حصہ لینے والی پولیس پارٹی کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کو گزشتہ رات خفیہ اطلاع ملی تھی کہ جھانگڑو تھانے کی حدود میں مسلح ڈاکو قومی شاہراہ پر واردات کی نیت سے موجود ہیں جس پر ایس ایچ او جھانگڑو کی سربراہی میں پولیس پارٹی تشکیل دی گئی، پولیس پارٹی نے ڈاکوؤں کا گھیرا تنگ کیا تو ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی اور مقابلے کے دوران ایک ڈاکو سعید احمد کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد کر لی ہیں ، دو ڈاکو فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے پولیس پارٹی تشکیل دے دی گئی ہے، گزشتہ شب جاڑی ماں کے علاقے میں پولیس نے واردات کی نیت سے موجود تین مسلح ڈاکوؤں کو رکنے کا اشارہ کیا، ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کی، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جس کا نام سرفراز کلہوڑو بتایا جاتا ہے ، ڈاکو کے دو ساتھی فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے پولیس پارٹی روانہ کردی گئی ہے۔ ایس ایس پی سکھر کے مطابق ضلع بھر میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے ، پولیس افسران اور تمام تھانہ انچارجز کو سخت سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے تھانوں کی حدود میں امن وامان کی فضا کو مکمل بحال رکھنے، جرائم کی سرکوبی خاص طور پر اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لئے ہرممکن اقدامات کریں، پولیس کے گشت میں اضافہ کیا جائے ، چوکیوں اور مختلف علاقوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لئے موثر انداز میں چیکنگ کی جائے، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔