ملتان (آئی این پی )سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں رہ کر پاکستان کے خلاف باتیں کرنے والے پاکستانی نہیں ہیں‘ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے اور آئین دینے والے شہید ذوالفقار علی بھٹو ہیں‘ ہم مفاد کی خاطر پارٹیاں تبدیل نہیں کرتے نہ ہی شیروانی پہن کر دوسری پارٹی میں جاتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر مظالم کررہا ہے‘ ہم نے ہر فورم پر کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائی ہے‘ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں‘ انہون نے کہا کہ عمران خان نے مفاد پرست ٹولے کو رکھا ہوا ہے۔گزشتہ روزیہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہ کر پاکستان کی مخالفت کرنے والے پاکستانی نہیں ہوسکتے ہم پاکستان کیخلاف باتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو بنانے کے لئے قربانیاں دی ہیں ‘ جیلیں کاٹی ہیں مگر ہم نے پارٹیاں تبدیل نہیں کیں کیونکہ ہم ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر شہید کے شاگرد ہیں انہون نے کہا کہ ادارے مضبوط ہونگے تو آپ کو انصاف ملے گا۔ ہم نے آئین بنایا اور آئین کو بحال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم شیروانی پہن کر دودسری پارٹی میں نہیں جاتے نہ ہی ہم مفاد کے لئے پارٹیاں تبدیل کرتے ہیں پاکستان ہماری پہچان اور سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے اور آئین دینے والے بھٹوہیں مزدور طبقے اور چھوٹے سرکاری ملازمین کے معاشی مسائل کم کئے تھے۔ آج پاکستان کے خلاف باتیں ہورہی ہیں پاکستان کے خلاف کی گئی ہر بات کی مذمت کرتے ہیں اور ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں۔ ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک مستحکم رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کررہے ہیں اب لوگوں کو اوپر مسلط کرنے کا دور چلا گیا ہے تنظیم سازی کے لئے کارکنوں کی رائے لی جارہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے ہم نے کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر مظالم کررہا ہے اس کی شدید مذمت کرتے ہیں حکومت کو کشمیر پالیسی کو بہتر انداز میں پیش کرنا چاہئے اور ہم چاہتے ہیں کہ پڑوسیوں سے اچھے تعلقات ہونے چاہئیں۔ پڑوسی ممالک سے تعلقات برابری کی سطح پر ہونے چاہئیں۔