• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدارس پر کوئی قدغن قابل قبول نہیں،شیخ رشید

ملتان (سٹاف رپورٹر) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے جامعہ خیر المدارس کا دورہ کیا ،جہاں انہوں نے جامعہ خیر المدارس کے رئیس اور وفاق المدار س العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری سے ملاقات کی ۔شیخ رشید احمد نے جامعہ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھاکہ پاکستان کی حقیقی قیادت کافریضہ علماء کرام ہی سرانجام دے سکتے ہیں،علماء کی قیادت میں پاکستان کو بحرانوں سے نجات دلائی جا سکتی ہے،مدارس پر کوئی قدغن قابل قبول نہیں ۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پراتفاق کیا کہ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے سیاستدانوں ،علماء کرام اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی ۔دونوں رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا کہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا چاہیے اور ملک دشمن عناصر سے کسی قسم کی رعایت روا نہیں رکھی جانی چاہئے ۔مولانا محمد حنیف جالندھری اور شیخ رشید احمد نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے خلاف نفرت انگیز ی کرنے والوں کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت فوری کاروائی عمل میں لائی جائے اور کسی قسم کی مصلحت کوآڑے نہ آنے دیا جائے ۔ 
تازہ ترین