مظفرآباد(نامہ نگار)مری میں زائرین اور بابالعل شاہ کے عقیدت مندوں پر شرپسندعناصرکاحملہ قابل مذمت ہے۔ ضلعی وتحصیل انتظامیہ ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی کریں اس طرح کے اقدامات سے انارکی پھیلے گی۔ حالات خراب ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سیدتصورحسین نقوی نے کیا انہوں نے کہا اولیاء اللہ کے آستانے لوگوں میں محبت بانٹنے کاذریعے ہیں ان کے راستہ میں رکاوٹ ڈالناشرپسندی ہے ۔مری واقعہ میں کشمیرکے لوگوں کونہ صرف زدوکوب کیاگیا بلکہ کشمیریت کوگالیاں دی گئیں۔ جس پر سخت تشویش ہے ۔تفصیلات کے مطابق مری میں بابا لعل شاہ کے عقیدت مندوں کو کشمیر سے 28اگست کو سہہ پہر تین بجے کے قریب زیارت کیلئے جاتے ہوئے مری سربگلہ گاؤں کے مقام پر گاڑیوں سے اتار کر سیکڑوں اہل علاقہ نے گھنٹوں تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں انکی گاڑیوں کو درخت کاٹنے والے کٹر سے کاٹ کر ناکارہ بنادیا گیا۔زائرین کاتعلق باغ کے علاقہ نمب سیداں ،سوہاوہ شریف اور گردونوح سے ہے انہوں نے آر پی او اور دیگرحکام بالادے مطالبہ کیا کہ واقعہ کافی الفور نوٹس لیتے ہوئے شرپسنددہشتگردوں کے خلاف ایف آئی آردرج کر کے فوری کاروائی کی جائے۔