کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ والی بال ایسو سی ایشن کے صدر انجینئر شاہ نعیم ظفر نے کراچی میں یکم ستمبر سے شروع ہونے والی کے پی ٹی قومی خواتین والی بال چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی سندھ کی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر سندھ کے سیکریٹری شاہد مسعود کیمپ آفیشلز اور سلیکشن کمیٹی کے ممبران مظہر الدین میمن ، فرقان حسین، مسرور یار خان، عائشہ ارم اور میڈیا کو آرڈینیٹر پرویز احمد شیخ اور دیگر موجود تھے۔ شافعہ کو ٹیم کی کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ فرح خان نائب کپتان ہونگی۔ دیگر کھلاڑیوں میں فرح ناز، مہوش، یاسمین، عائشہ ایوب فاطمہ ، ماہا، شازیہ ، ناعمہ، کومل، شکیلہ ، لبنیٰ ناز اور حرا خان شامل ہیں۔ کوثر کامران ٹیم کی منیجر، عائشہ ارم اسسٹنٹ منیجر اور نعمان الدین کوچ ہونگے۔ چیمپئن شپ 4ستمبر تک کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگی جس میں شرکت کے لئے چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور مختلف ڈپارٹمنٹس کی ٹیمیں بدھ کو کراچی پہنچیں گی۔