اسلام آباد (نمائندہ جنگ) تحریک انصاف نے پاکستان سے بھرپور یکجہتی اور الطاف حسین کی ہرزہ سرائی کی بھرپور مذمت کا فیصلہ کیا ہے اور 6 ستمبر کی شام نشتر پارک کراچی میں ”پاکستان زندہ باد“ جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی مرکزی ، سندھ اور کراچی کی قیادت نے شرکت کی۔ عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر کو عوام وطن عزیز سے بھرپور یکجہتی کے اظہار کیلئے قومی پرچم ہاتھوں میں تھام کر نکلیں ، وقت آن پہنچا ہے کہ پاکستان کی آن اور شان کی خاطر تمام مسلکی ، گروہی ، لسانی ، صوبائی اور علاقائی تعصبات سے بالاتر ہو کر ارض پاک کی خاطر نکلیں ، کراچی کے نشتر پارک میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری کا قومی پرچم کے ہمراہ منتظر ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کی شام نشتر پارک سے قومی یکجہتی کا پیغام دیں گے اور الطاف حسین کی پاکستان بارے ہرزہ سرائی کیخلاف اہم ترین فیصلہ کریں گے۔