• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کے ساتھ موجود ڈیل کے سی ای او کی اہلیہ سوشل میڈیا پر وائرل

---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کے بعد معروف کاروباری شخصیت اور مخیر خاتون سوزن ڈیل سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئیں۔

سوزن ڈیل 7 اکتوبر کو وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں اپنے شوہر اور ڈیل ٹیکنالوجیز کے چیف ایگزیکٹو مائیکل ڈیل کے ہمراہ موجود تھیں، تقریب کا مقصد بچوں کے لیے سرمایہ کاری کھاتوں پر مشتمل امریکی حکومت کے پروگرام ’ٹرمپ اکاؤنٹس‘ کو اجاگر کرنا تھا۔

اس پروگرام کے تحت 2025ء سے 2028ء کے دوران پیدا ہونے والے اہل بچوں کے سرمایہ کاری کھاتوں میں حکومت کی جانب سے 1 ہزار ڈالرز کی ابتدائی رقم جمع کرائی جا سکتی ہے، مائیکل ڈیل اور سوزن ڈیل نے اس اقدام کی معاونت کے لیے اربوں ڈالرز فراہم کرنے کا عہد کیا ہے۔

تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان کے چہرے کے تاثرات، ہاتھوں کی حرکات اور مجموعی انداز پر تبصرے شروع کر دیے۔

 بعض صارفین نے قیاس آرائیاں کیں کہ شاید انہوں نے کاسمیٹک سرجری یا حسن میں اضافے کے لیے دیگر طریقۂ علاج کروائے ہوں۔

کچھ صارفین نے ان کی آنکھوں اور چہرے کی ظاہری کیفیت پر سوالات اٹھائے، جبکہ دیگر نے ان کے دبلا پتلا ہونے اور چہرے کے غیر معمولی تاثرات پر تبصرے کیے۔

سوشل میڈیا پر اس بحث کے دوران ’مار اے لاگو فیس‘ کی اصطلاح بھی استعمال کی گئی۔ یہ اصطلاح بعض صارفین ٹرمپ کے سیاسی اور سماجی حلقوں سے وابستہ افراد کی ایسی ظاہری شکل کے لیے استعمال کرتے ہیں جسے وہ حد سے زیادہ تراشا ہوا یا مصنوعی سمجھتے ہیں۔

سوزن ڈیل کی ظاہری شکل پر یہ بحث نئی نہیں، گزشتہ کئی ماہ سے سوشل میڈیا پر ان کے چہرے میں تبدیلیوں کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید