مظفرآباد(نا مہ نگار)آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات، سیاحت وآئی ٹی مشتاق احمد منہا س نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے لوگو ں کو انکے حقوق دلوائیں گے۔ وفاقی حکومت سے بات کر کے این ایف سی ایوارڈ ،ارسا، مشترکہ مفادات کونسل میں آزادکشمیر کو نمائندگی دلوانے کے ساتھ ساتھ واٹر یوز چارجز اور نیٹ ہائیڈرل پرافٹ کے معاملات حل کروائیں گے۔ 3Gاور 4Gسروس جلد شروع کرنے کے ساتھ ساتھ لائن آف کنڑول کے قریبی علاقوں میں موبائل سروس کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائیگی۔اٹھارویں ترمیم کے بعد جہاں صوبے بااختیار ہوئے وہاں آزادکشمیر کے وسائل میں کمی ہوئی ہے جس پر حکومت پاکستان سے بات کریں گے۔گلگت بلتستان آزادکشمیر کا نہیں بلکہ ریاست جموں وکشمیر کا حصہ ہے ریاست جموں وکشمیر کے مستقبل کا فیصلہ ہونے تک گلگت بلتستان کے لوگوں کو انکے حقوق ملنے چاہیں۔صحت ،تعلیم اور انفاسٹرکچر کی بہتری مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ترجیحات ہیں۔آزادکشمیر کے لوگوںسے کی جانے والی کمٹمنٹ پوری کریں گے۔تحریک آزادی کشمیر نازک مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اس موقع پر صحافیوں کی ذمہ دار یاں بڑھ گئی ہیں ،اہل قلم تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز دارالحکومت مظفرآباد سے تعلق رکھنے والی صحافتی کیمونٹی کے پہلے باقاعدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ میں خود25سال صحافت کے پیشے سے منسلک رہا ہوں اس لیے صحافتی کیمونٹی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں۔ورکنگ جرنلسٹس کو خود کفالت کی طرف لے کر جائیں گے ۔صحافیوں کو یقین دلاتا ہوں کے مسلم لیگ(ن) کی حکومت انکے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریگی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر نے اسوقت ایک نئی انگڑائی لی ہے جس کی وجہ سے اہل قلم کی ذمہ داریاں اور بڑھ گئی ہیں۔صحافی مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا کے سامنے لائیں اور تحریک آزادی کشمیر میں برسر پیکار لوگوں کی آواز بنیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹرین کے وفود بیرون ملک بھیجنے کے فیصلے پر کشمیر ی قوم وزیر اعظم پاکستان میاںمحمد نواز شریف کی شکرگزار ہے ۔وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان وفود میں آزادکشمیر ،گلگت بلتستان کے سیاستدانوں ،دانشوروں اور حریت قیادت کو بھی شامل کیا جائے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ گلگت بلتستان ریاست جموںوکشمیر کا حصہ ہے ۔گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں انکے حقوق دلوانے میں اپنا موثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے اسوقت پاکستان میں میاں نواز شریف کی قیادت میں ایسی حکومت قائم ہے جو کشمیریوں کے مسائل سمجھتی ہے۔ آزادکشمیر کے عوام سے جو کمٹمنٹ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کی تھی اسے ہر حال میں پورا کریں گے۔عوام کو انکے حقوق دلوانے میں وفاقی حکومت سے تمام حل طلب مسائل پر بات کریں گے اور گزشتہ 70سال سے حل طلب مسائل کو یکسو کیا جائیگا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ آزادکشمیر سے روایتی فائل پراسسینگ سسٹم کو ختم کر کے ای ۔گورننس کی طرف لے کر آئیں گے تاکہ ریاستی اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جاسکے۔