• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ،منتخب چیئرمین کی فائرنگ سے وکیل بھائی سمیت قتل

سیالکوٹ،اگوکی(نمائندہ جنگ،نامہ نگار) سیاسی رنجش پرمنتخب چیئرمین یونین کونسل اور اس کے 2بھائیوںسمیت 5افراد نے فائرنگ کرکے وکیل اور اسکے بھائی کو قتل کردیا جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ تھانہ رنگپورہ کے علاقہ تلواڑہ مغلاں مہردے کھوکھا کے قریب رات12بجکر 30منٹ پر مسلم لیگ ن کے منتخب چیئرمین یونین کونسل تلواڑا مغلاں شمشیر گل خان عرف شیر خان ،اسکے بھائی شان خان اورآفتاب گل خان اور 2نامعلوم مسلح افراد نے سیاسی رنجش پروکیل مرزا ظفر بیگ ، اسکے بھائی عمران بیگ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی  جواسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے جبکہ نعمان بیگ نامی شخص فائرنگ  سے شدید زخمی ہوگیا جسے گورنمنٹ علامہ اقبال ہسپتال منتقل کردیا گیا۔   پولیس نے مقتول کے بھائی بشیر بیگ کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔40سالہ مرزا ظفر بیگ 2بچوں کا باپ تھا جبکہ اسکے بھائی عمران بیگ کی منگنی ہو چکی تھی۔دریں اثنا سیالکوٹ ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن کا مذمتی اجلاس زیر صدارت صدر بار مقصود احمد بھٹی منعقد ہوا جس میں  واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتار ی کا مطالبہ کیا  گیا۔  وکلا نے جمعرات کے روز عدالتوں کا بائیکاٹ بھی کیا  اور کوئی وکیل عدالت میں پیش نہ ہوا جسکی وجہ سے سائلین بھی مشکلات کا شکار رہے۔وکلاء  نے ڈی پی او آفس ضلع کچہری کے باہر مظاہرہ بھی کیا۔
تازہ ترین