• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن کے خاتمے کے لئے ہر آئینی راستہ اختیار کرینگے،سراج الحق

 اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کو 3ستمبر کو لاہور کے جلسے میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دے دی۔جماعت اسلامی کا وفد تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کرے گا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کو کرپشن فری بنانے کے لیے جماعت اسلامی عوام کی لڑائی لڑے گی ہم ہر وہ آئینی و قانونی راستہ اختیار کریں گے جس سے ملک کو کرپشن سے پاک کیا جا سکے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرپشن کے معاملے پر جماعت اسلامی تحریک انصاف کا موقف ایک ہے جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان کے نام سے مہم کا آغاز کر چکی ہے ۔پاناما لیکس کے معاملے پر بھی جماعت اسلامی نے جو موقف اپنایا وہ ہمارے موقف کے عین مطابق تھا اور ہے۔میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پرپاکستان تحریک انصاف کے وفد نے شاہ محمود قریشی کے سربراہی میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی۔تحریک انصاف کے وفد میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی،رکن قومی اسمبلی مراد سعید اور سینیٹر شبلی فراز شامل تھے جبکہ جماعت اسلامی کی طرف سے ملاقات میں رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اﷲ،میاں محمد اسلم،زبیر فاروق خان،ارسلان خان خاکوانی اور زبیر صفدر نے شرکت کی۔تحریک انصاف کے وفد نے جماعت اسلامی کو لاہور میں ہونے والے 3ستمبر کے جلسے میں شرکت کی باقاعدہ طور پر دعوت دی جس پر جماعت اسلامی پاکستان نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کاوفد جلسے میں شرکت کرے گا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ میں تحریک انصاف کے وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں کہ وہ ہمیں جلسے میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے آئے۔جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف گلی کوچوں،ایوانوں اور عدالتوں میں عوام کی لڑائی لڑے گی۔ہم نے عدالت عظمیٰ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اور دوبارہ پھریہ دروازہ کھٹکھٹائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر وہ آئینی اور جائز راستے اختیار کرے گی جو ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے مدد گار ثابت ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاناما لیکس کے بعد ڈھٹائی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس مسئلے پر گومگو کی صورتحال میں ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ حکومت ایسا کمیشن بنائے جو تحقیقات اور ٹرائل کرے اور سزا دینے کی بھی صلاحیت رکھتا ہو۔ہم اس وقت تک کرپٹ لوگوں کا پیچھا کریں گے جب تک ملک کو بد عنوانی سے پاک نہیں کیا جاتا۔ایک سوال کے جواب میں  انہوں نے کہا کہ 3ستمبر کو تحریک انصاف کے جلسے میں جماعت اسلامی کا وفد شرکت کرے گا جبکہ 2ستمبر کو کراچی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جماعت اسلامی کا اجلاس کراچی میں بلایا گیا ہے جس میں ہم کرپشن کے معاملات کا جائزہ لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سپریم کورٹ نے جواب دیا ہے ۔ہم دوبارہ وہاں جائیں گے ہماری لڑائی کرپشن سے ہے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرپشن کے معاملے پر جماعت اسلامی تحریک انصاف کا موقف ایک ہے جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان کے نام سے مہم کا آغاز کر چکی ہے ۔پانامہ لیکس کے معاملے پر بھی جماعت اسلامی نے جو موقف اپنایا وہ ہمارے موقف کے عین مطابق تھا اور ہے۔میں آج جماعت اسلامی کے امیر کی خدمت میں حاضر ہوا ہوں اور عمران خان کی طرف سے انہیں تین ستمبر کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی ہے اس میں جماعت اسلامی کی شرکت اور حصہ انہی کے موقف کی تائید ہو گی۔ہماری منزل ایک ہے کہ پاکستان کو کرپشن فری بنایاجائے۔انہوں نے کہا کہ سراج الحق سے کراچی کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر بات ہوئی ہم نے چھ ستمبر کو یوم دفاع پاکستان کے موقع پر نشتر پارک میں کراچی کی شہریوں کو جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ پاکستان اور نظریہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور وہ قوتیں جو پاکستان کو نیچا دکھانا چاہتی ہیں انہوں نے جو زبان استعمال کی ہے ان کو واضح پیغام جانا چاہیے کہ پاکستان کے مسئلے پر ہم سب ایک ہیں۔
تازہ ترین