اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت برآمد کنندگان کو ہر ممکن مدد و سہولت فراہم کرنا چاہتی ہے، اس سلسلہ میں ایکسپورٹ ریفنڈز کی جلد ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔ وہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے خواجہ مسعود اختر کی قیادت میں جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف بھی وفد کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وفد نے برآمد کنندگان کو واجب الادا ریفنڈز کی ادائیگی پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے ایکسپورٹرز کی مالی مشکلات حل ہوئی ہیں۔ انہوں نے برآمد کنندگان کیلئے کم ترین شرح سے ایکسپورٹ ری فنانس سہولت کی پیشکش پر بھی حکومت کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدامات موجودہ حکومت کی جانب سے ملکی برآمد کو فروغ دینے میں دلچسپی کو ظاہر کرتے ہیں۔ اس موقع پر وفد کے ارکان نے ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے تجاویز بھی پیش کیں اور بینکنگ کے شعبہ سے متعلق درپیش مسائل سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔