• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان میں اوگر ٹو کے مشن پر جانے والے2امریکی کوہ پیما لاپتہ

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان میں اوگر ٹو کو فتح کرنے کی مہم پر 21 اگست کو جانے والے دو امریکی کوہ پیما تاحال لاپتہ  ہو گئےہیں اور خراب موسم کی وجہ سے ان کی تلاش کا عمل بھی روکنا پڑا ہے،کوہ پیمائی اور مہم جوئی سے متعلق پاکستان کے الپائن کلب کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکاٹ ایمسن اور کیل ڈیمپسٹر نامی دو امریکی کوہ پیما 24 جولائی کو دو ماہ کے لیے پاکستان آئے تھے،ان کوہ پیماؤں کا مشن 6960 میٹر بلند چوٹی اوگر ٹو کو سر کرنا تھا۔بتایا گیا ہے کہ 25 جولائی کو یہ دونوں کوہ پیما اور ان کے گائیڈ سکردو کے لیے روانہ ہوئے۔ چند روز تک مہم کی تیاری کرنے کے بعد اشکولی سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔کوہ پیماؤں کے ہمراہ ان کے گائیڈ عبدالغفور، باورچی شہزاد عالم اور مقامی مزدور شامل تھے۔ 21 اگست کو ان دونوں امریکی مہم جوؤں نے اوگر ٹو نامی چوٹی کے شمال کی جانب بڑھنا شروع کیا۔تاہم جب یہ کوہ پیما طے کی گئی تاریخ کو واپس نہیں لوٹے تو بیس کیمپ نے الپائن کلب کو آگاہ کیا جس کے بعد مقامی انتظامیہ اور کوہ پیماؤں کے اہلِ حانہ سے رابطہ کیا گیا،الپائن کلپ کا کہنا ہے کہ ’کوہ پیما اب تک لاپتہ ہیں، موسم نے ہماری امدادی کارروائیوں کو روک دیا ہے، ہم تلاش اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کی کارروائی کرنے کے لیے موسم کے اچھے ہونے کے لیے پرامید ہیں۔
تازہ ترین