کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل اولمپئن شہباز احمد نے کہا ہے کہ ہاکی فیڈریشن ملک میں کھیل کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، ہماری مثبت پالیسیوں اور ڈومیسٹک ہاکی ایونٹس کے سبب پاکستان کے قومی ادروں کی طرح نجی اداروں نے قومی کھیل کی ٹیمیں بنانا شروع کر دیں ہیں، ہم کئی اداروں سے رابطے میں ہیں ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مرد و خواتین کی انڈر 18 ٹیموں پر کام شروع کردیا گیا ہے، بوائز کی ٹیم تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ خواتین انڈر18ہاکی ٹیم کے قیام کیلئے بہت جلد ملک بھر میں ٹرائلز لئے جائینگے، خواتین کی انڈر 18 ہاکی ٹیم ایشیاء کپ میں شرکت کریگی۔ یکم اکتوبر سے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ہونیوالے ایشین فیڈریشن ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی خواتین سینئر ہاکی ٹیم بھی شرکت کریگی ۔