سکھر(بیورو رپورٹ) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی ہدایت پر سکھر ڈویژن کے تمام اضلاع میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن کو تیز کرنے کا فیصلہ، تمام اضلاع کے جنگلات میں ڈاکوؤں کی پناہ گاہوں کے خاتمے کویقینی بنایا جائے اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں ، سکھر ، خیرپور، گھوٹکی اضلاع میں پولیس کی بہتر کارکردگی اور حکمت عملی کے باعث امن وامان کی مثالی فضا قائم ہوئی ہے جسے برقرار رکھنے کے لئے پولیس کو جدوجہد جاری رکھنا ہوگی، خاص طور پر سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرائم کے واقعات اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لئے پولیس کا کر دار قابل تحسین ہیں، عوام کی جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس کے لئے تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں، وہ دورہ سکھر کے موقع پر پولیس افسران سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو بتایا کہ سکھر ضلع میں باگڑجی کچے کے جنگلات میںآ پریشن کو تیز کیا گیا ہے اور پولیس کی جانب سے جنگلات میں جاری آپریشن کے بعد ڈاکوؤں کی درجنوں پناہ گاہوں کو مسمار کیا گیا ہے جبکہ جنگلات کے علاقوں میں کچے روڈ ، راستے بنائے جارہے ہیں تاکہ 24گھنٹے پولیس کی نقل و حرکت کو یقینی بنایا جائے، پولیس کی گاڑیاں خاص طور پربکتربند گاڑیاں جنگلات میں کسی بھی وقت نقل و حرکت کر سکیں ، سکھر پولیس بہتر اندازمیں اپنے پیشہ وارانہ فرائض ادا کررہی ہے ، پولیس نے اندرون سندھ میں جس حکمت عملی کے تحت بہتر انداز میں اپنے فرائض ادا کئے اس کے نتائج بھی سب کے سامنے ہیں کہ آج اندرون سندھ میں مکمل طور پر امن وامان کی فضا بحال ہے خاص طور پر قومی شاہراہوں اور انڈس ہائی وے پر لوگ شام کے وقت سفر نہیں کرتے تھے خصوصًا انڈس ہائی وے پر سورج غروب ہونے کے بعد لوگ سفر نہیں کرتے تھے لیکن آج رات گئے تک لوگ چھوٹے بڑے شہروں میں اپنا سفر بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔