• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کل مردان کا افسوسناک واقعہ ہوا آج جلسوں میں ناچ گانا ہے ، شاہی سید

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ “میں گفتگو کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شاہی سید نے کہا ہے کہ کل مردان کا افسوسناک واقعہ ہوا ہے اور آج کے جلسوں میں ناچ گانا ہورہا ہے، آج ہمارے ملک کا اصل ایشو شہدائے آرمی پبلک اسکول ، شہدائے باچا خان یونیورسٹی اور سانحہ کوئٹہ ہے، ہمارا اصل ایشو وہ ہے جس میں ہزاروں پاکستانی مارے گئے ہیں ، دہشت گردی ہمارا حقیقی مسئلہ ہے ۔پروگرام میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد،دی نیوز کے انصار عباسی ، تجزیہ کار مشرف زیدی، اینکر پرسن مبشر زیدی اور پی ٹی آئی کے فیصل واوڈاشریک تھے ۔سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ کل مردان کا افسوسناک واقعہ ہوا ہے اور آج کے جلسوں میں ناچ گانا ہورہا ہے ، ان کو وزیر اعظم کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے علاوہ کچھ سمجھ میں نہیں آتا ہے، اگر ہم جمہوریت چاہتے ہیں تو ہمیں پارلیمنٹ کو عزت دینی پڑے گی ، اٹھارہ کروڑ عوام کا مسئلہ پاناما لیکس نہیں ہے ، اس ملک میں جو بھی جوڈیشل انکوائریاں ہوئی ہیں ان کا نتیجہ صفر نکلا ہے ، پارلیمنٹ میں بیٹھ کر تمام چھوٹی بڑی پارٹیوں کو ملک کے مسائل حل کرنا ہوں گے ، عمران خان جذباتی آدمی ہیں ، وہ اپنے فیصلے خود لیتے ہیں ، انہوں نے احتجاج کے معاملے پر بھی اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کنٹینر اور خار دار تاروں کی رکاوٹوں کے باوجود آج راولپنڈی کے عوام سڑکوں پر ہیں، آج پاکستان کی تمام اپوزیشن اکھٹی ہیں ، 2016ء حکومت کے سیاسی خاتمے کا سال ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم پاکستان میں انڈیا کی بالادستی پھیلانے والوں کے خلاف آج سڑکوں پر اعلان جنگ کررہے ہیں، ہم نے اپنی حیثیت سے بڑھ کر لوگوں کو باہر نکالا ہے، آج ہمیں خط دیا گیا ہے کہ اگر راولپنڈی میں کچھ ہوا تو اس کا ذمہ دار شیخ رشید ہوگا، میری جان خطرے میں ہے ، ہم امن کے داعی ہیں ، ہم چاہتے تھے کہ راولپنڈی شہر بند نہ ہو۔انصار عباسی نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ شیخ رشید کی جانب سے پرامن احتجاج کی بات کی گئی ہے ، 2014ء کے دھرنوں سے بھی کچھ حاصل نہیں کیا گیا، ہمیں احتجاج کا طریقہ کار نہیں آتا ، اقتدار کی جنگ لڑنے کے بجائے ہمیں اداروں کو مضبوط بنانے کی بات کرنی چاہئے تھی ، پی ٹی آئی نے اب تک اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے کوئی اقدام نہیں اٹھایا ہے ، انتخابی اصلاحات پر حکومت اور اپوزیشن دونوں نے کوئی خاص دلچسپی نہیں دکھائی ہے، اپوزیشن پاناما لیکس پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ کمیشن بنانے سے کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا کیونکہ ادارے مضبوط نہیں ہیں۔
تازہ ترین