اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ اپنے رپورٹر سے) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما‘ میٹروبس منصوبے کے چیئرمین محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کے ہاتھ میں وزیراعظم کی لکیر نہیں، 2018ء میں انتخابی نتائج سامنے آنے پر کوئی اور کرے نہ کرے وہ ضرور خودکشی کر لیں گے۔ خواہش ہے کہ ظالما وزیراعظم بنا دے۔ اتوار کو پیر زادہ راحت قدوسی کی طرف سے نومنتخب بلدیاتی چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں اور مقامی پارٹی قیادت کے اعزاز میں دئیے گئےبریک فاسٹ سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی کےعوام مسلم لیگ(ن) کی قیادت میں صرف اپنے شہر کی ہی حفاظت نہیں کرینگے بلکہ نوا ز شریف اور شہباز شریف کی عزت و توقیر کابھی پاس رکھیں گے۔ ناشتہ تقریب میں میئر کے امیدوار سردار نسیم خان، سجاد خان، حامد عباسی اور ملک سلطان محمود موجود تھے جبکہ شیخ ارسلان حفیظ شہر سے باہر ہونے کے باعث موجود نہ تھے۔ ڈپٹی میئر کے امیدوار ذیشان احمد خان، ملک وسیم، عابد عباسی،راجہ مقصود، شیخ ارشد ، ڈاکٹر شفقت، عبدالغیور بٹ، خالد سعید بٹ، چوہدری زبیر اور چوہدری طارق بھی موجودتھے جبکہ عمر مشتاق شہر میں نہ ہونے کی وجہ سے موجود نہ تھے۔ تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی زیب النساء، بیگم تحسین فواد، لبنیٰ ریحان پیرزادہ کے علاوہ خالق حسین بھٹی ایڈووکیٹ ، ندیم بھٹی ایڈووکیٹ، سیکرٹری اطلاعات اکمل مرزا اور نائب صدر مرزا مقصود بیگ بھی شریک تھے۔ یونین کونسل14 کے وائس چیئرمین اے ڈی عباسی نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران جن علاقوں میں گیس دی گئی تھی وہ انتخابات ہوتے ہی بند ہوگئی تھی، جس پر حنیف عباسی نے کہا کہ اس ضمن میں سروے کا حکم دیدیا گیاہے۔