عوامی ،مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آج اسپیکر صاحب نے وہی کیا جس کی امید تھی ، اسپیکر ایازصادق ایسا گھسا ہوا سکہ ہیں جس کے دونوں رخ پر نواز شریف کی تصویر ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان اور جہانگیرترین کو نا اہل قرار دیا گیا تو اسمبلی ایک دن نہیں چل سکے گی،کسی کی ہمت نہیں کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کو نااہل کرے۔
شیخ رشید کا جنرل راحیل شریف سے مخاطب ہو کر کہنا ہے کہ ان لوگوں کا ایجنڈہ ہے کہ فوج کو توڑ دیا جائے، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف جسٹس پاکستان بیٹھیں اور آئینی حل تلاش کریں،حل تلاش نہ کیا گیا تو پھرایسا غیرآئینی کام ہو جائے گا کہ حالات کسی کے بس میں نہیں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرے تین آدمی شہید ہوئے کوئی ایف آئی آر نہیں کٹائی،ماڈل ٹاؤن سانحے میں نامزد 12 افراد ملک سے باہر بھجوادیے گئے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ پاؤں میں موچ کے باعث کراچی نہیں جارہا تھا اب کراچی بھی جاؤں گا، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ یہ بچ جائیں گے تو یہ ناممکن ہے،یہ کہتےہیں لال حویلی آئیں گے تو شوق سے آئیں ۔