سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) ملٹری پنشنروں نے جی پی او پنشن برانچ کے عملہ کے رویہ کے خلا ف احتجاج کیا۔ جنرل پوسٹ آفس سیالکوٹ پیرس روڈ میں بدھ کے روز صبح10بجے پنشن برانچ کے باہر پاک فوج کے ریٹائر ڈملازمین نے پنشن میں کٹوتی، پنشن فارم کی فروخت اور عملہ کے ناروا رویہ پر احتجاج کرتے ہوئے اپنے مسائل کے حل کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر آرمڈ کورکے سابق ملازم عبدالمجید ، محمد نوراور محمد امجد اور انفنٹری کور کے طاہر محمود نے جنگ کو بتایاکہ انہیں پنشن کے حصول کے لئے پی ایس بی7-8فارم بیس روپے میں ملتا ہے جبکہ ریٹائر منٹ کے پہلے چیک میں5 سے10 ہزار روپے کی کٹوتی کرنے کے علاوہ ہر ماہ پنشن کے حصول کے وقت 2سے3سو روپے بلا وجہ اعتراض لگا کر کاٹ لئے جاتے ہیں جو کہ سر ا سر زیادتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگر احتجاج کیا جائے تو انکو پنشن بک تک بھی گم کر دی جاتی ہے۔ اس سلسلہ میں چیف پوسٹ ماسٹر جنرل پوسٹ آفس سیالکوٹ ارشد خان نے رابطہ پر بتایا کہ سیالکوٹ میں تیس ہزار سے زائد پاک فوج کے ریٹائر ملازمین کو پنشن دی جاتی ہے جس میں بہتری کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور پنشن فارم انکے پاس مفت دستیاب ہیں جبکہ تنخواہوں میں اضافے کے اطلاق کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ مختلف سکیلوں کے ملازمین کی تنخواہ میں مختلف فیصد کے حساب سے اضافہ ہوا جسکا ریکارڈ مرتب کرنے کے بعد اضافی پنشن کی ادائیگی ممکن بنائی جائے گی۔