راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی راولپنڈی کے اجلاس میں الطاف حسین کے ملک دشمن بیانات کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ یہ قرارداد ملک صالح ایڈووکیٹ نے پیش کی تھی۔ صدر ڈسٹرکٹ بار شوکت رئوف صدیقی نے کہا کہ الطاف حسین نے دوبارہ ملک توڑنے کی بات کر کے ثابت کر دیا کہ وہ دشمن ایجنسیوں کے آلہ کار ہیں‘ لہٰذا ایسے شخص اور اُنکے چیلوں کیخلاف کارروائی ناگزیر ہے۔ اُنہوں نے الطاف حسین کیخلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔ جنرل سیکرٹری بلال قیوم خان نے کہا کہ حکومت نے ایکشن نہ لیا تو وکلاء کوئی بھی لائحہ عمل طے کرنے پر مجبور ہونگے۔ نائب صدر ضمیر عباسی اور جوائنٹ سیکرٹری عمیر قدیر ملک بھی اس موقع پر موجودتھے۔