گجرات (نمائندہ جنگ) ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت10کروڑ روپے لاگت سے ماڈل ٹراما سنٹر کی تعمیر دسمبر تک مکمل کر لی جائے گی، نواز شریف میڈیکل کالج کے زیر اہتمام زیر تعمیر عمارت پر 20بستر وں پر مشتمل نیا بلاک بھی تعمیر کیا جائے گا، مستقبل کی ضروریات اور مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر موجودہ ایمرجنسی اور چیسٹ وارڈ کی جگہ کثیر المنزلہ بلاک کی تعمیر کیلئے پلاننگ کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ای ڈی او فنانس چوہدری اصغر، پرنسپل نواز شریف میڈیکل کالج ڈاکٹر ظفر اقبال گل، ایم ایس ڈاکٹر شیر علی نیازی، صدر پی ایم اے ڈاکٹر مقصود زاہد،ڈی او بلڈنگز محمد شریف، سماجی شخصیت امتیاز کوثر و دیگر افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے ٹراما سنٹر منصوبے پر تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا اور سماجی شخصیت امیتاز کوثر کی خدمات کو سراہا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ 60بستروں پر مشتمل ماڈل ٹراما سنٹر میں جدید ترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، ہسپتال کی توسیع کا یہ منصوبہ میڈیکل سہولیات کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگا۔