کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) نے مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کااعلان کر دیا، ایونٹ 20 اکتوبر سے 30 اکتوبر تک ملائیشیا میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستانی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی۔ گرین شرٹس ٹائٹل دفاع مہم کا آغاز 20 اکتوبر کو ملائیشیا کے خلاف کرے گی جبکہ پاکستان اور روایتی حریف بھارت کا ٹاکرا 23اکتوبر کو ہو گا۔ پاکستانی ٹیم دو مرتبہ ٹائٹل جیت کر ایونٹ کی سب سے کامیاب ترین ٹیم ہے۔ اے ایچ ایف کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 30 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں ایشیا کی ٹاپ چھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی جن میں میزبان ملائیشیا، دفاعی چیمپئن پاکستان، بھارت، جنوبی کوریا، چین اور جاپان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 20 اکتوبر کو میزبان جاپان، دوسرا میچ 21 اکتوبر کو جنوبی کوریا، تیسرا میچ 23 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت، چوتھا میچ 25 اکتوبر کو جاپان جبکہ پانچواں اور آخری میچ 27 اکتوبرکو چین کے خلاف کھیلے گی۔ چار ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں کیلئے کوالیفائی کریں گی جن کے درمیان سیمی فائنلز 29اکتوبر کو ہوں گے جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 30اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔