صوابی ( نمائندہ جنگ ) صوابی میں پولیس اسٹیشن کالوخان کی حدود میں پولیس موبائل پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر فضل سبحان خان زخمی ہو گئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو حملہ آور موقع پر مارے گئے جب کہ تیسرا حملہ آور فرار ہو گیا ۔ پولیس کے جوان بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ سے لیس تھے جس کی وجہ سے وہ محفوظ رہے ۔ ڈی پی او صوابی آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تھانہ کالوخان کے اے ایس اآئی فضل سبحان بمعہ چار کانسٹیبلز و ڈرائیورموبائل گاڑی میں دیہہ باچائی میں گشت پر تھے اس دوران 3 نامعلوم افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ شروع کردی جس سے اے ایس آئی فضل سبحان زخمی ہوگیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو حملہ آورموقع پر مارے گئے جب کہ تیسرا فرار ہو گیا۔ پولیس نے فرار ہونے والے حملہ آور کی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ زخمی پولیس اہلکارکو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کر دیا گیا .