ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں جمعہ کےروز بھی بجلی کا بدترین بحران جاری رہا۔ ملتان شہر کےمختلف علاقوں میں نماز جمعہ کے اوقات میں بجلی کی بندش سےشہریوں ، نمازیوں کو شدید مشکلات پیش رہیں۔ جنوبی پنجاب کےشہری علاقوں میں6 سے 8 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سےمعمولات زندگی بری طرح سے معطل اور متاثر ہو رہے ہیں جبکہ ٹرپنگ، کم وولٹیج اور بریک ڈاؤن معمول بن گئے۔ گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں کم وولٹیج کی وجہ سے شہریوں کو پنکھے تک چلانے میں مشکلات رہیں۔ پانی کی موٹریں، کولر اور ائیرکنڈیشنرز نہیں چل سکیں۔ صارفین کی جانب سے شکایات کے اندراج پر انتظار کی سولی پر لٹکا دیا گیا۔ پانی کی عدم دستیابی پر شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔