گجرات (نمائندہ جنگ) کروڑوں روپے کی جعلی ادویات ڈویثرن کے سرکاری ہسپتالوں کو فروخت کرنے کے الزام میں بند کے آئی ٹریڈرز ڈی سیل، دفتر گودام میں موجود تمام سٹاک قبضہ میں لیکرٹیسٹ کیلئے لاہورلیبارٹری بھجوا دیا گیا، پراونشنل کوالٹی کنٹرول بورڈ پنجاب کی ہدایت پر ڈرگ انسپکٹر گجرات احسان الٰہی چیمہ نے مقامی ٹریڈرز کوڈی سیل کرکے وہاں پر موجود تمام سٹاک کو ضبط کر کے ٹیسٹنگ کیلئے لاہور بھجوادیا، واضح رہے کہ 10 ماہ قبل کے آئی ٹریڈرز کو گوجرانوالہ ڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں میں 7سالوں سے کروڑوں روپے مالیت کی جعلی ادویات فروخت کرنے پر سیل کر کے تھانہ سول لائن میں سیالکوٹ کے ایک وفاقی وزیر کے قریبی ساتھی، ٹریڈرز کے مالک خواجہ شفاقت حفیظ گڈو،خواجہ بدر حفیظ وغیرہ کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا، ڈرگ انسپکٹر احسان الٰہی چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دوبارہ محکمہ کی ہدایت پر اسے ڈی سیل کیاگیاہے، تاہم لاہور لیبارٹری سے رپورٹ آنے پر مزید کارروائی ہو گی کہ یہ بھی ادویات جعلی تھیں یا نہیں،انہوں نے بتایا کہ پراونشنل کوالٹی کنٹرول بورڈ پنجاب میں کے آئی ٹریڈرز کا پہلا کیس بدستور چل رہاہے، جس میں جعلی ادویات ثابت ہوچکی ہیں اور دونوں ملزم باپ بیٹا عبوری ضمانتوں پر ہیں، جس کی آئندہ تاریخ سماعت 20 ستمبر کو ڈرگ کورٹ گوجرانوالہ میں ہوگی۔