سیالکوٹ ( نمائندہ جنگ ) ضلع سیالکوٹ میں نماز عید الاضحی765مقامات پر پورے مذہبی جوش جذبے اور عقیدت احترام سے ادا کی جائے گی ان میں جامع مساجد اور عید گاہوں کے علاوہ کھلے میدان بھی شامل ہیں۔ پولیس اورشہری دفاع کی جانب سے اس سلسلہ میں سخت سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹا جاسکے۔ صبح کا آغاز نماز فجر کے بعد قبر ستانوں میں اپنے والدین، دوست احباب کی قبور پر فاتحہ خوانی اور پھول چڑھانے سے کیا جائے گا جسکے بعد نماز عید الاضحی کی ادائیگی کے ساتھ ہی قربانی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ ایک اندازے کے مطابق ضلع سیالکوٹ میں کم وبیش ایک لاکھ قربانی کے جانور سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لئے قربان کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے پاکستان کے دورز دراز علاقوں سے قصابوں نے ضلع کے مختلف علاقوں میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں جسکی بڑی وجہ اچھے ریٹ ملنا ہے۔ قربانی کی کھالوں کو اکٹھا کرنے پر پابندی کی وجہ سے مساجد، این جی اوز ودیگر تنظیموں نے قربانی کی کھالوں کو اکٹھا کرنے بہت کم تشہیر کی ہے۔ انفرادی قربانی کے علاوہ مختلف مذہبی جماعتوں نے اجتماعی قربانی کے سلسلہ شروع کیا ہوا ہے ۔ ا مام صاحب گروانڈ سمیت شہر کے مختلف میدانوں میں بچوں کے لئے میلے بھی لگ چکے ہیں جس میں موت کا کنواں، سرکس، بجلی والی ٹرین ،منی چڑیاگھر اور جھولے لگائے گئے ہیں۔ شہریوں نے قربانی کے لئے درکار تمام لوازمات خرید لئے ہیں اور اس سلسلہ میں باربی کیو کی تیاریاں بھی مکمل کرلی ہیں