ملتان (سٹاف رپورٹر)ملتان پولیس سے مقابلے میں مارےجانے والے ڈاکوؤں کی شناخت ہوگئی ہے اور قائم مقام سی پی اوملتان ڈاکٹر رضوان نےکہاہے کہ ملزمان سندھ اور پنجاب میں ڈکیتی اور سرقہ بالجبر کی وارداتوں میں ملوث تھے،گرفتار ملزمان سے 18وارداتیں ٹریس ہوئیں،3گرفتار ڈاکو اور ان کے2ساتھی پولیس پارٹی پر حملہ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔ قائم مقام سی پی او ملتان ڈاکٹر رضوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ ماہ 27 تاریخ کو ملتان کے علاقہ بہاولپور بائی پاس کے قریب واقع میزان بینک میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں8سے9مسلح ملزمان بینک کے اندر داخل ہوئے جنہوں نے اسلحہ کے زور پر بینک عملہ سے 52 لاکھ روپے کی نقدی چھیننے کے ساتھ ساتھ بینک کے کلوز سرکٹ کیمرہ جات کی ڈی وی آرضائع کیں اورگارڈز سے اسلحہ بھی چھین کر ساتھ لے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ اس واردات کی خاص بات یہ تھی کہ یہ واردات ہفتہ کے روزکی گئی تھی جس روز عموماً بینک بند ہوتے ہیں جس سے یہ بات ظاہر ہوتی تھی کہ ملزمان نے اس واردات کیلئے مکمل ریکی کی تھی۔واردات کے بعدآرپی او ملتان سلطان اعظم تیموری نے قائم مقام سی پی او ڈاکٹر رضوان کی سربراہی میں ڈی ایس پی سی آئی اے،گلگشت نصراللہ وڑائچ کی زیرنگرانی سی آئی اے افسران آئی ٹی ٹیم اورایس ایچ اوتھانہ شاہ شمس پرمشتمل مشترکہ ٹیم تشکیل دی جسے واردات کوٹریس کرنے کاٹاسک دیاگیاجس نے اس واردات میں ملوث یاسین عرف جے کے چوہدری گینگ کے ممبران کوٹریس کر کے دیگر ملوث ملزمان کوگرفتارکرلیا ۔دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ اس گینگ کے تمام ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ اوراشتہاری ہیں جوقبل ازیں بھی پنجاب اورسندھ میں سرقہ بالجبرکے علاوہ بینکوں اورگھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کرتے رہے ہیں جبکہ 2010 میں ان ملزمان نے بینک ڈکیتی کاگینگ بنایا جوصوبہ پنجاب اور سندھ میں بینک ڈکیتی کی وارداتیں کر چکے ہیں۔ ملزمان نے صوبہ سندھ کے اضلاع کراچی،نواب شاہ،ہیلانی،خیرپور جبکہ صوبہ پنجاب کے اضلاع بہاولپور،خانیوال، وہاڑی،اوکاڑہ ، ڈی جی خان ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ملتان میں بینک ڈکیتی کی متعددوارداتیں کی ہیں۔گینگ کی گرفتاری سے سندھ اورپنجاب میں بینک ڈکیتی کی18وارداتیں ٹریس ہوئیں ۔ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب علاقہ تھانہ شاہ شمس کی حدودمیں گرفتارملزمان کی نشاندہی پردیگرملزمان کی گرفتاری کیلئے جانیوالی ٹیم پرگرفتارملزمان کے ساتھیوں نے انہیں چھڑوانے کیلئے پولیس پارٹی پرحملہ کر کے فائرنگ کی جس کی زدمیں آکرملزمان کے3گرفتارساتھی اور2حملہ آور ملزمان کل 5 ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکرموقع پرہلاک ہوگئے ۔ملزمان کے قبضہ سے بھاری مقدارمیں ناجائزاسلحہ،کار( جس پر ملزمان بینک ڈکیتی کی وارداتیں کرتے تھے)برآمد ہوئی۔اس گینگ کی گرفتاری ٹیم کیلئے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے نقد انعام وتعریفی سرٹیفکیٹ دینے کااعلان کیاہے۔مبینہ پولیس مقابلے میں پارکئے جانے والے ملزمان میں اللہ ڈنوعرف راجہ ،ذوالفقارعلی عرف سنجے،نویدعرف وقاص،سجادعرف غلام رسول،جمال دین عرف نذیرشامل ہیں۔