راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) عیدالاضحی کے موقع پر ون ویلنگ روکنے کیلئے راولپنڈی پولیس نے 12سو اہلکار تعینات کر دیئے۔ سڑکوں پر ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی اور ضلعی پولیس کے مشترکہ سکواڈ عیدالاضحی پر ون ویلنگ کرنے والے منچلوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کرینگے۔ اس سلسلے میں خصوصی ناکہ بندیوں کے ذریعے ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی‘ گرفتاریاں عمل میں لا کر مقدمات درج کئے جائیں گے۔ سی پی او راولپنڈی اسرار احمد خان عباسی نے والدین سے کہا ہے کہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں‘ اُنہیں کسی بھی حالت میں ون ویلنگ نہ کرنے دیں ورنہ سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ اُنہوں نے کہا کہ ون ویلنگ جان لیوا کھیل ہے اور اور دوسروں کیلئے سنگین حادثات کا باعث بھی بنتا ہے۔ اس ضمن میں راولپنڈی پولیس کے بارہ سو سے زیادہ اہلکاروں کو شہر کی اہم سڑکوں، مال روڈ، جہلم روڈ، فیض آباد، مری روڈ، ائرپورٹ روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر تعینات کیا گیا ہے جہاں یہ اہلکار پٹرولنگ بھی کرینگے اور مختلف مقامات پر ناکے بھی لگائے جائینگے۔