مردان (نامہ نگار)مردان کا رہائشی قوی الجثہ نو جوان عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور لوگ انہیں دیکھ کر بڑے شوق سے انکے ساتھ سیلفیاں بنوا رہے ہیں، پار ہوتی مردان کے بااثر خاندان سے تعلق رکھنے والے خضر خان عرف خان بابا کی عمر 24 سال اور وزن 436 کلو گرام ہے، تین درجن انڈے ،پانچ کلو دودھ ، چار کلو گوشت اور پانچ چکن خان بابا کا یومیہ خوراک ہے، کہا جا رہا ہے کہ 24 سال کی عمر میں وزن ساڑھے آٹھ من سے زائد ہونے پر انکا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کر دیا گیا ہے جبکہ ڈبلیو ڈبلیو ای نے انہیں ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپین کے اعزازی بیلٹ سے نوازا ہے اور انہیں ریسلنگ کے عالمی مقابلوں میں شرکت کی دعوت دی ہے جس پر وہ آئندہ سال ریسلنگ کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، امریکہ اور جاپان میں کافی وقت گزارنے کے بعد آجکل وہ ا پنے رہائشی علاقہ پار ہوتی مردان میں موجود رہتے ہیں جہاں الیکٹرانک میڈیا کے لوگوں کی آمدکا تانتا بندھا رہتا ہے جسکی وجہ سے انکی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا ہے وہ ان دنوں ریسلنگ کے عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے اپنا وزن مزید بڑھا نے کی کوشش کر رہے ہیں اور انکا کہنا ہے کہ وہ ان مقابلوں میں شرکت کر کے پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں ایک ملاقات میں خان بابا نے بتایا کہ انکا بھاری بھر کم جسم اللہ تعالیٰ کی طرف سے انکے لئے ایک تحفہ ہے جس پر وہ اللہ کے بے حد شکر گزار ہیں ۔