• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر : محرم الحرام میں امن و امان کیلئے شیعہ تنظیموں کی تجاویز

سکھر (بیورو رپورٹ) محرم الحرام کے موقع پر امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے اور عزاداری کے جلوسوں، مجالس کی سیکورٹی کے حوالے سے شیعہ تنظیموں کے علماء کرام نے ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ سے ملاقات کی، شیعہ تنظیموں کی جانب سے پولیس کو تجاویز دی گئیں کہ 5,9اور 10محرم الحرام کے بڑے عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کے حوالے سے سکھر، پرانا سکھر ، روہڑی اور پنوعاقل میں سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے جائیں۔ ملاقات میں شیعہ تنظیموں کے علماء کرام جن میں علامہ عالم شاہ موسوی، علامہ علی بخش سجادی، گلزار شاہ، فدا حسین شاہ، سید غلام میران شاہ، علامہ ریاض حسین روحانی سمیت دیگر علماء کرام شامل تھے۔ شیعہ علماء کرام نے عید الاضحی کے موقع پر شکارپور کے علاقے خانپور کی امام بارگاہ میں دہشتگردی کے واقعہ کو ناکام بنائے جانے کے حوالے سے بات چیت کی اور سیکورٹی کے انتظامات کے سلسلے میں بتایا کہ شیعہ تنظیموں کے اسکاؤٹس بھی محرم الحرام میں ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔ انہوں نے درخواست کی شیعہ علماء کرام کی سیکورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے اور ماتمی جلوسوں، مجالس کے موقع پر اگر نفری کم ہو تو مزید پولیس نفری کو طلب کیا جائے۔جس پر ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان کی فضا کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے گا، پولیس افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، 1300سے زائد افسران اور اہلکار محرم الحرام کے دوران مختلف مقامات پر تعینات ہوں گے جبکہ رینجرز کے افسران اور جوان بھی ضلع بھر میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے موجود رہیں گے اور اسپیشل برانچ کے افسران اور اہلکار بھی محرم الحرام کے دوران مکمل طور پر الرٹ رہیں گے۔  ایس ایس پی سکھر نے کہا کہ ماتمی جلوسوں کے راستوں کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا ، ماتمی جلوسوں، مجالس میں شرکت کرنے والوں کو چیکنگ کے بعد چھوڑا جائے گا اور تمام علاقوں میں پولیس ، رینجرز اچانک چیکنگ کا عمل بھی جاری رکھیں گی۔ ایس ایس پی سکھر نے شیعہ تنظیموں کے علماء کرام سے کہا کہ وہ ملکی قوانین کے مطابق پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں، شرپسند عناصر پر نگاہ رکھیں اور کہیں بھی کوئی مشتبہ شخص یا مشکوک چیز دکھائی دے اس کی فوری اطلاع پولیس کو دی جائے۔
تازہ ترین