• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیراں غائب پاور سٹیشن کےسیکڑوں ملازمین کو گوجرانوالا، مظفر گڑھ بھیج دیا گیا

ملتان (سٹاف رپورٹر) نادرن پاور جنریشن کمپنی ( این پی جی سی) نے نیچرل گیس پاور سٹیشن پیراں غائب کےسیکڑوں ملازمین کو دربدر کردیا ۔ واپڈا پالیسی کے تحت پاور سٹیشن بند ہونے کی صورت میں انہیں قریب ترین جگہ پر تعینات کیا جاتا ہے۔ این پی جی سی نے ملازمین کواٹیچمنٹ کے نام پر نندی پور گوجرانوالہ اور تھرمل پاور سٹیشن مظفر گڑھ بھجوادیا۔ سکیل ایک سے16 کے ملازمین کو انتظامیہ نے مبینہ طور پرمیڈیکل سمیت تمام سہولیات  اور تمام الاؤنسز سے بھی محروم کردیا ہے،ملتان سے دربدر کئےگئے ملازمین کے بچوں کو سکول ، کالج کےلئے سفری سہولت بھی واپس لے لی گئی۔ این پی جی سی نے 15 اگست 2016ء کے ایک مراسلہ کے ذریعے 291ملازمین کو ملتان سے سرپلس قرار دےکرمظفر گڑھ بھیج دیا ۔ سرکاری دستاویزات میں این جی پی ایس ملتان کو مکمل طور پر بند ظاہر کردیا گیا ہے جبکہ صورتحال اس کے برعکس ہے۔ این جی پی ایس کا گرڈ سٹیشن ، پمپ ہاؤس اور دیگر سہولیات اب بھی آپریشنل ہیں اور مظفر گڑھ سے ملتان آنے والی بجلی کو مختلف گرڈ سٹیشنوں تک ترسیل کر رہا ہے۔ ملازمین کے مستقبل کو محفوظ بنانے کےلئے کوئی اقدامات سامنے نہ آنے پر سیکڑوں خاندان پریشانی سے دوچار ہیں اور حکومت کی جانب سے بہتر اقدامات کےمنتظر ہیں۔ 
تازہ ترین