لاہور (اے پی پی ) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ عمان کی جونیئر ہاکی ٹیم کے دورہ پاکستان سے ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی میں مدد ملے گی اور دیگر غیر ملکی ٹیمیں بھی رواں سال کے آخر اور آئندہ سال پاکستان کا دورہ کریں گی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ عمان ہاکی ٹیم کے دورہ پاکستان سے ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کے ایونٹس کے انعقاد کا ڈیڈ لاک ختم ہوگیا ہے اور توقع ہے کہ ا رجنٹائن کی جونیئر ہاکی ٹیم کی رواں سال دسمبر اور چین کی سینئر ہاکی ٹیم کی اگلے سال پاکستان میزبانی کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ عمان کی ہاکی ٹیم کے دورہ پاکستان سے نہ صرف انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی ہوئی ہے بلکہ پاکستان میں ہاکی کے کھیل کو زندگی ملی ہے۔ گزشتہ کئی سالوں سے غیر ملکی ٹیموں کے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کرنے سے ملک میں ہاکی کے کھیل کو کافی نقصان پہنچا لیکن عمان کی ٹیم کی آمد سے پاکستان ہاکی پر مایوسی کے چھائے ہوئے بادل چھٹ گئے ہیں اور غیر ملکی ٹیموں کی بھی پاکستان کا دورہ کرنے میں حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ارجنٹائن کی ہاکی ٹیم لکھنو بھارت میں 8 دسمبر کو ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل رواں سال دسمبر کے پہلے ہفتے پاکستان کا دورہ کرے گی اور پاکستان کی جونیئر ٹیم کے خلاف تین میچز کھیلے گی اور اس کے بعد چین کی سینئر ٹیم اگلے سال کے شروع میں پاکستان کا دورہ کرے گی ۔ پی ایچ ایف حکام کے چین کے حالیہ دورہ کے دوران چین کی ہاکی فیڈریشن کے حکام سے نتیجہ خیز ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے مابین باہمی ہاکی سیریز کی تفصیلات کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔ پہلے چین کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی اور پھر ہماری سینئر ہاکی ٹیم چین جائے گی۔ خالد کھوکھر نے کہا کہ پی ایچ ایف ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی کےلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور ایشین ہاکی ٹیموں کو پاکستان کا دورہ کرنے کی پہلے ہی دعوت دیدی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی شارٹ کٹ کے ذریعے ممکن نہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ غیر ملکی ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی انتظامات کا یقین دلا کر مسلسل پاکستان کا دورہ کرنے پر آمادہ کیا جائے۔ پی ایچ ایف کے صدر نے کہا کہ پی ایچ ایف ہاکی کے کھیل کے دائرہ کار کو وسیع کرکے اور سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کی تشکیل نو کرکے ملک میں ہاکی کی بحالی اور ترقی کےلئے متعدد پلان پر کام کررہی ہے۔ ہم نے نئی قومی جونیئر ہاکی ٹیم کی تشکیل کی ہے اور نئے کھلاڑیوں کو شامل کرکے سینئر ٹیم کی تشکیل نو کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ہماری سینئر ٹیم کا ٹارگٹ 2020ءکے اولمپکس میں رسائی حاصل کرنا ہے۔ پی ایچ ایف کے صدر نے تسلیم کیا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مالی حالت بہتر نہ ہے تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ حکومت کی بروقت مالی مدد سے پی ایچ ایف کو ہاکی کے کھیل کی ڈویلپمنٹ اور قومی سائیڈز کو غیر ممالک میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں بھجوانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہاکی کےلئے فنڈز اکھٹا کرنے کےلئے مزید بزنس ہاؤسز کو ہاکی کی طرف آنے کی ترغیب دے رہے ہیں اور اس سلسلہ میں ہمیں بتدریج کامیابی مل رہی ہے کیونکہ ہم نے حالیہ مہینوں میں پرائیویٹ سیکٹر کی مدد سے قومی سطح کے دو ٹورنامنٹس لاہور اور کراچی میں منعقد کروائے ہیں۔