پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پاناما ایشو پر فی الوقت سپریم کورٹ جانے کا کوئی ارادہ نہیں، پیپلزپارٹی پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بل بھی اسی لیے پیش کیا ہے، حکومت چاہے تو پاناما ایشو ایک گھنٹے میں حل ہو سکتا ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سب کچھ قانونی ہے تو حکومت کو دستاویزی ثبوت پیش کرنے چاہئیں، ہم پارلیمنٹ سے قطعی نا امید نہیں ہیں، اگر پاناما ایشو پارلیمنٹ میں حل نہ ہوا تو پھر دیگر آپشنز پر سوچیں گے۔
دوسری جانب پاناما پیپرز کے معاملے پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کااجلاس ہوا، اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نثار محمد کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے اب تک 221 لوگوں کو نوٹس جاری کئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوٹسز کے جوابات کا انتظار کررہے ہیں،ٹیکس دے کر بیرون ملک آف شور کمپنیاں بنانے والے ہماری نظر میں مجرم نہیں۔