کراچی( اسپورٹس ڈیسک) جاپان میں جاری پین پیسفک اوپن کے سنگلز میں نمبر 6 سیڈ ڈومینکا سبلکووا نے جمہوریہ چیک کی کھلاڑی لوسی سفارووا کو پہلے رائونڈ میں شکست دے کر دوسرے مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔ ٹوکیو کے آرائیکے کولوسیم میں 2 گھنٹے 24 منٹ چلنے والے اس میچ میں سبلوکووا کو سفارووا سے سخت مقابلے کے باوجود پہلے سیٹ میں 6-4سے شکست کا سامنا کر نا پڑا ۔ مگر دوسرے دونوں سیٹس میں سبلکووا نے 6-1اور 7-5سے سفارووا کو شکست دے کردوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔ اگلے رائونڈ میں سبلوکووا کا مقابلہ جاپان کی نومی اوساکا سے ہو گا ۔ 2013 کی چیمپئن پیٹرا کیوٹیوا بھی میڈیسن برینگل کو 6-3،6-3سے شکست دی ۔ کیوٹیوا کا مقابلہ اولمپک گولڈ میڈلسٹ مونیکا پیوگ سے ہو گا ۔ ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی نے سنگلز مقابلے میں 2015 کی رننر اپ بلینڈا بنسچ کو افتتاحی رائونڈ میں ہرا دیا ۔ ووزنیاکی نے بنسچ کو پہلے رائونڈ میں 6-1،5-7اور 6-2سے شکست دی ۔ دوسری جانب چین میں جاری گوانگزو انٹرنیشنل وومن اوپن میں نمبر 2 سیڈیلینا یانکووچ نے چینی کھلاڑی یو زیائودی کو 6-2اور 6-1سے شکست دے کر دوسرے مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔ دریں اثنا ء سیول میں ہونے والے کوریا اوپن میں ٹاپ سیڈ دفاعی چیمپئن ارینا کمیلیا نے جنوبی کوریا کی ینگ سو یونگ کو 6-2اور 6-1سے شکست دی ۔ اور سیکنڈ رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔ سنگلز کے دوسرے مقابلوں میں جوہانہ لارسن نے امریکا کی گریس من کو 0-6،6-2،6-2سے جبکہ کرسٹین فلپکینز نے کرسٹیانا پلسکووا کو 5-7،6-2اور 6-2سے شکست دی ۔ نمبر 3سیڈ زینگ شوائی نے ماریہ سکاکاری کو 6-3،3-6اور 6-3سے زیر کیا ۔جبکہ فرانس کی کرسٹینا ملادینووک نے لوکسیکا کم خم کو 6 -2اور 7-5سے اور مونیکا نیکولیسکو نے ایری ہوزیمی کو 6-3،6-0سے زیر کیا ۔ دیگر سنگلز مقابلوں میں بیتھنی میٹک نے اسٹیفینی وائگل کو 6-2،3-6اور 6-3سے اور اینا کیرولینانے کاٹارزینا پائٹر کو 6-3، 6-2سے زیر کر کے اگلے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔