کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) اردو کے نامور شاعر اور ادیب رئیس امروہوی کی28ویں برسی 22 ستمبر کو منائی جا رہی ہے۔رئیس امروہوی کا اصل نام سید محمد مہدی تھا اور وہ 12 ستمبر 1914ء کو امروہہ میں پیدا ہوئے تھے۔ صحافتی شاعری یا قطعہ نگاری کو ادبی صنف کے طور پر منوانے والے رئیس امروہوی حیرت انگیز تخلیقی ذہن کے مالک تھے۔ قیام پاکستان کے بعد انہوں نے کراچی میں سکونت اختیار کی اور روزنامہ جنگ کراچی سے بطور قطعہ نگار اور کالم نگار وابستہ ہوگئے، اس ادارے سے ان کی یہ وابستگی تا عمر جاری رہی۔رئیس امروہوی کے شعری مجموعوں میں الف، پس غبار، حکایت نے، لالہ صحرا، ملبوس بہار، آثار اور قطعات کے سات مجموعے شامل ہیں جبکہ نفسیات اور مابعدالطبیعات کے موضوعات پر ان کی نثری تصانیف کی تعداد ایک درجن سے زیادہ ہے۔رئیس امروہوی کے بھائی سید محمد تقی اور جون ایلیا بھی اردو ادب کی معروف شخصیات میں شامل ہیں۔ وہ 22 ستمبر 1988ء کوایک نامعلوم قاتل کی گولیوں کا نشانہ بن گئے اورکراچی میں سخی حسن کے قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔