کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن ملک کے نامور ناراض کھلاڑیوں کو اپنے سیمینار میں بلانے میں کام یاب ہوگئی۔ لاہور میں ملک میں ہاکی کو ترقی دینے اور اس کے فروغ کے لئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مستقبل کے روڈ میپ کو تشکیل دینے کے لئے مختلف تجاویز دی گئی۔ تقریب کی صدارت سابق ہاکی اولمپئن اصلاح الدین نے کی جو ماضی میں پی ایچ ایف میں چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں، اس سیمینار میں قومی ہاکی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ شہناز شیخ بھی شریک ہوئے، جنہوں نے اپنے خطاب میں اہم تجاویز دی، سیمینار میں سابق پی ایچ ایف کے پروگرام وژن ٹی ٹوئنٹی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ سیمینار سے پی ایچ ایف کے سکریٹری شہباز احمد، دانش کلیم، سعید خان، قمر ابراہیم، نوید عالم، کامران اشرف، خواجہ جنید، محمد عثمان، ایم ثقلین، خاور جاوید، اور مختلف صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا، مقررین نے قومی سنیئر ٹیم کو زیادہ فوکس کرنے پر زور دیا ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھر پور توجہ دی جائے، جبکہ جونیئر سطح پر نئے کھلاڑیوں کو تلاش کرنے اور ان کو گروم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔