سیالکوٹ (نمائندہ جنگ )عالمی یوم امن کے سلسلہ میں محکمہ سوشل ویلفیئر اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے امن ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف غیرسرکاری تنظیموں اور شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ بصارت سے محروم افراد نے بھی ریلی میں شرکت کی ریلی کے شرکاءنے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ اس موقع پر ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ سہیل محمود نے کہا ہے کہ اخوت ، بھائی چارے ،رواداری اور برداشت کے کلچرل کو فروغ دیئے بغیر معاشرے کو امن اور آشتی کا گہوارہ بنانا ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کوانتہا پسندی اوردہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندگان پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں عدم برداشت اور شدت پسند ی کے خاتمہ کیلئے شعور اجاگر کریں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کا جوانمری سے مقابلہ کیا ہے اور ہزاروں جانوں کے نذرانے دینے کے باوجود اس قوم کے حوصلے بلند ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وصوبائی حکومتیں ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور افواج پاکستان ملک سے قانون کی عمل داری کو قائم کرنے اور عوام الناس کو اندرونی اوربیرونی خطرات سے بچانے کیلئے نیشنل ایکشن پلان عملی جامہ پہنانے کیلئے کوشاں ہے تاہم عوام الناس کے تعاون کے بغیر اس کے 100فیصد نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر منور حسین کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کی۔