• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سرجیکل اسٹرائیک پر فوری ردعمل کیلئے تیار ہے، شیریں مزاری

کراچی(ٹی وی رپورٹ)پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ ہندوستا ن نے سرجیکل اسٹرائیک کی حماقت کی تو پاکستان بھرپور اور فوری ردعمل دینے کیلئے تیار ہے، اوڑی حملے کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جانا چاہئے جو اس کی تحقیقات کا حکم دے، پاکستان اوڑی حملے کی فیکٹ فائنڈنگ کیلئے اقوام متحدہ کے آبزرورز بھیجنے کیلئے اصرار کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عبدالقیوم اور سابق سفیر اشرف جہانگیر قاضی بھی شریک تھے۔اشرف جہانگیر قاضی نے کہا کہ پاکستان کے پاس کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہے،پاک بھارت تصادم ہوا تو کشمیر کا معاملہ عالمی برادری کے ایجنڈے پر آسکتا ہے جس سے بھارت ڈرتا ہے، بھارتی حکومت اندرونی دباؤ کا شکار ہو کر کوئی ایڈونچر کرسکتی ہے۔سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ کشمیر میں حالیہ قتل و غارت گری انڈیا کیلئے بڑی شرمندگی کا باعث ہے،انڈیا کے پاس اوڑی حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں تو اقوام متحدہ کے ملٹری آبزروز کے سامنے پیش کرے۔ شیریں مزاری نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوڑی حملے کا وقت بہت اہم سمجھا جانا چاہئے، اس وقت کشمیر میں بڑھتے مظالم کے بعد بھارت پر عالمی دباؤ بڑھتا جارہا تھا، پاکستان آج جس پوزیشن میں ہے اس میں ہماری کوتاہیاں ہیں، بلوچستان میں ’را‘ کا افسر کلبھوشن یادو پکڑا گیا مگر ہم نے دنیا کو نہیں بتایا،اوڑی سے پاکستانی ساختہ دستی بم ملنے کی بات بالکل بکواس ہے، امریکی صدر اوباما کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی بات نہ کرنا شرمناک ہے۔
تازہ ترین