گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)الیکشن کمیشن نے گوجرانوالہ ڈویژن کے چھ اضلاع میں 1622 ڈسپلے سنٹرز ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلے رکھنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ 2018ءکے عام انتخابات کیلئے ووٹر لسٹوں کی اپ گریڈیشن اور ووٹروں کی تصدیق کے دوسرے مرحلہ میں یہ ڈسپلے سنٹرز سرکاری سکولوں میں بنائے گئے ہیں جن کے انچارج سکولوں کے ہیڈماسٹرز، ہیڈمسٹریس اور سینئر اساتذہ کو مقرر کیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کی طرف سے ریجنل الیکشن کمشنر اورگوجرانوالہ ،سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور نارووال کے اضلاع کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کو مراسلہ بھجوایا گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ 10اکتوبر تک تمام ڈسپلے سنٹرز ہفتہ اور اتوار کی سرکاری تعطیل کے باوجود صبح 8سے سہ پہر 4بجے تک کھلے رہیں گے۔