شیخوپورہ (نمائندہ جنگ سے )نیب پنجاب نے ضلع حکومت کو ہدایت کی ہے کہ شیخوپورہ میں کمرشلائزیشن فیس کی ادائیگی اور نقشوں کی منظوری کے بغیر بننے والے پلازوں اور شاپنگ سنٹروں کے علاوہ دکانوں کا ریکارڈ مہیا کرنے کیلئے فوری طور پر ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے جو یہ ریکارڈ نیب آرڈیننس 1999کے سیکشن 27کے تحت انکوائری کیلئے بنائی جانیوالی ٹیم کے سربراہ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محمد حسن سجاد کو مہیا کرے گا، ذرائع نے بتایا ہے کہ بھکھی روڈ سمیت مختلف مقامات پر کروڑوں روپے کی کمرشل فیس ادا کئے بغیر بننے والے پلازوں، دکانوں اور شاپنگ سنٹروں کے بارے میں ملنے والی شکایات کا نیب پنجاب نے نوٹس لے لیا ہے۔ اور اس بارے میں ضلع حکومت سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ان دکانوں اورپلازوں کے سٹیٹس کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔