اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل اوربھارتی جنگی عزائم پر فوری طور پر حکومت اور اپوزیشن کا جوائنٹ اجلاس ہوناچاہئے۔بھارت کے خلاف ہر سطح پر بھرپور تیار ی کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم اگر آج خود کو احتساب کیلئے پیش کردیں تو اگلے ہی دن دوسروں کا احتساب شروع ہوجائے گا ۔ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل رہا ہے جس پر وہ سخت جھنجھلاہٹ کا شکار ہے ۔احتساب سے بھاگنے والے حکمرانوں کے پاس اخلاقی طور پر حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ۔30ستمبر کو کرپشن کے خلاف فیصل آباد اور رائیونڈ میں ہونے والے دھرنے کامیاب ہونگے ،ہمارے دھرنے پر امن ہونگے ۔ بدامنی یا انتشار کی کوشش کی گئی تو اس کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔سینیٹ اجلاس کے بعد پارلیمنٹ کے سامنے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعظم نے جنرل اسمبلی میں ایک اچھی تقریر کرنے کے بعد چپ سادھ رکھی ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعظم اگر آج خود کو احتساب کیلئے پیش کردیں تو اگلے ہی دن دوسروں کا احتساب شروع ہوجائے گا۔